پیٹرول مہنگا ہونے کا بوجھ کم کرنے کے لیے خصوصی اسکیم، 100 روپے فی لیٹر ریلیف

0
12
پیٹرول مہنگا ہونے کا بوجھ کم کرنے کے لیے خصوصی اسکیم، 100 روپے فی لیٹر ریلیف

اسلام آباد: حکومت نے عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں اضافے کے باعث عوام کو ریلیف دینے کے لیے موٹر سائیکل، رکشہ، چنگچی اور چھوٹی گاڑیوں کے مالکان کے لیے خصوصی پیکیج کا اعلان کردیا۔

وزیراعظم شہباز شریف کے مطابق اسکیم کے تحت موٹر سائیکل، رکشہ اور چنگچی سمیت دو اور تین پہیوں والی سواریوں کے لیے ماہانہ 20 لیٹر پیٹرول پر فی لیٹر 100 روپے کی رعایت دی جائے گی۔

اسی طرح 800 سی سی تک کی چھوٹی گاڑیوں کے مالکان کو ماہانہ 30 لیٹر پیٹرول پر 100 روپے فی لیٹر کے حساب سے ریلیف فراہم کیا جائے گا۔

وزیراعظم نے کہا کہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اضافے سے عوام پر پڑنے والے اثرات کا حکومت کو احساس ہے اور مشکل صورتحال میں شہریوں کو تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔

حکومت کے مطابق اسلام آباد میں اس اسکیم کا نفاذ آئندہ پیر اور منگل کی درمیانی شب سے ہوگا، جبکہ ملک کے دیگر علاقوں، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب سے ریلیف کا اطلاق کیا جائے گا۔

خصوصی اسکیم کے لیے رجسٹریشن کا عمل بھی شروع کردیا گیا ہے۔ حکام کے مطابق عوام کو رجسٹریشن اور ریلیف حاصل کرنے کے طریقہ کار سے آگاہی مہم کے ذریعے تفصیلات فراہم کی جائیں گی۔

دوسری جانب جماعت اسلامی کے امیر حافظ نعیم الرحمان نے پیٹرول پر 100 روپے فی لیٹر ریلیف کے اعلان کو اپنی جماعت کی جدوجہد کا نتیجہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پیٹرولیم لیوی کے مکمل خاتمے تک ان کی کوششیں جاری رہیں گی۔

Leave a reply