پیرس کے لوور میوزیم سے چند منٹوں میں قیمتی زیورات چوری

0
53
پیرس کے لوور میوزیم سے چند منٹوں میں قیمتی زیورات چوری

دنیا کے مشہور ترین عجائب گھروں میں شمار ہونے والے لوور میوزیم سے چند منٹوں کے اندر انمول شاہی زیورات چوری کر لیے گئے۔

فرانسیسی حکام کے مطابق، چوری کی یہ حیرت انگیز واردات 19 اکتوبر کی صبح تقریباً ساڑھے 9 بجے پیش آئی، جب 3 سے 4 افراد پر مشتمل ایک گروہ نے اپولو روم میں داخل ہو کر صرف 7 منٹ میں کارروائی مکمل کی اور موٹرسائیکلوں پر فرار ہوگیا۔

وزیر داخلہ لوراں نونیز نے بتایا کہ چوروں نے عمارت کے باہر سے ایک ایلیویٹر استعمال کیا، ایک کھڑکی کو کاٹ کر اندر داخل ہوئے اور قیمتی زیورات اپنے ساتھ لے گئے۔ یہ زیورات فرانسیسی شاہی دور کے نوادرات میں شامل تھے جن کی ثقافتی اور تاریخی اہمیت بےحد زیادہ ہے۔

فرانسیسی وزیر ثقافت راشیدہ داتی نے تصدیق کی کہ چوری شدہ زیورات کا ایک ٹکڑا میوزیم کے قریب سے برآمد ہوا ہے، جبکہ دیگر اشیا کی تلاش جاری ہے۔ وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ چوری شدہ نوادرات کی فہرست تیار کی جا رہی ہے۔

میئر آریئل ویل نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ چوروں نے انتہائی منظم انداز میں یہ کارروائی کی اور یہ واقعہ گزشتہ ایک دہائی سے زائد عرصے میں اپنی نوعیت کا پہلا بڑا واقعہ ہے۔

یہ واقعہ اس وقت کی یاد دلاتا ہے جب 1911 میں مونا لیزا کو بھی لوور میوزیم سے چرا لیا گیا تھا، جو بعد میں بازیاب ہوئی۔

میوزیم حکام کے مطابق 19 اکتوبر کو لوور میوزیم بند رکھا گیا اور سیکیورٹی کا ازسرنو جائزہ لیا جا رہا ہے۔

فرانسیسی حکام کو یقین ہے کہ چوروں کو جلد گرفتار کر لیا جائے گا اور چوری شدہ نوادرات کو بازیاب کر لیا جائے گا۔

Leave a reply