پولیس کی بروقت کارروائی،نومولود اغوا کے 3 دن بعد بازیاب

0
212
پولیس کی بروقت کارروائی،نومولود اغوا کے 3 دن بعد بازیاب

لاہور کے ایک سرکاری اسپتال سے اغوا ہونے والا نومولود تین دن بعد بازیاب کروا لیا گیا۔ یہ بچہ والدین کو دس سال بعد اولاد کی صورت میں ملا تھا۔

یکم ستمبر کو لاہور جنرل اسپتال کے نرسری وارڈ سے ایک خاتون نومولود کو اغوا کرکے لے گئی۔ واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج سے دو خواتین مشکوک قرار پائیں، جس کے بعد محکمہ صحت نے فوری طور پر وارڈ عملے کو معطل کر دیا۔

پولیس نے اطلاع ملنے پر تفتیش کا آغاز کیا اور جدید ٹیکنالوجی، بالخصوص سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے مشتبہ خاتون کو کماہاں گاؤں میں تلاش کیا۔ گھر گھر تلاشی کے دوران بچہ ایک صندوق سے برآمد ہوا۔ ملزمہ نے ابتدائی تفتیش میں بتایا کہ وہ بے اولاد ہے اور طلاق کے ڈر سے اس نے یہ قدم اٹھایا۔

ایس پی انویسٹی گیشن ماڈل ٹاؤن ڈاکٹر ایاز حسین کے مطابق بروقت کارروائی سے بچہ بحفاظت والدین تک پہنچا دیا گیا۔ ایم ایس اسپتال کے ہمراہ پریس کانفرنس میں بتایا گیا کہ بچہ مکمل طور پر صحت مند ہے، تاہم احتیاطی طور پر مزید دو روز اسپتال میں زیرِ نگہداشت رکھا جائے گا۔

بچے کے والد نے میڈیا سے گفتگو میں پولیس کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ 10 سال سے اولاد کے لیے دعائیں مانگ رہے تھے، تین دن کا صدمہ ناقابلِ برداشت تھا لیکن اب وہ خدا کے شکر گزار ہیں۔

Leave a reply