
ہاٹ لائن نیوز : سندھ کے علاقے گھوٹکی میں ایک درجن سے زائد ڈاکوؤں نے پولیس چوکی پر حملہ کردیا جس کے نتیجے میں 2 پولیس اہلکار شہید ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق سندھ کے علاقے گھوٹکی کچے کے تھانہ اندل سندرانی کے سیکیورٹی بلاک پر رات گئے ڈاکوؤں نے جدید ہتھیاروں سے پولیس چوکی پر حملہ کردیا، فائرنگ سے 2 اہلکار شہید ہوگئے۔
پولیس کے مطابق ایک درجن سے زائد ڈاکوؤں نے حملہ کیا، شہید اہلکاروں میں ظہیر تھیم اور قادر مہر شامل ہیں۔
ایس ایس پی گھوٹکی سمیر نور چنا کے مطابق پولیس نے بھرپور جوابی کارروائی کی، جس میں ڈاکوؤں کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں، پولیس کی بھاری نفری طلب کر لی گئی ہے، جب کہ زخمی ڈاکوؤں کا تعاقب جاری ہے۔









