پندرہ سال سے کم عمر بچوں کے سوشل میڈیا استعمال پر پابندی کی تجویز

0
102
پندرہ سال سے کم عمر بچوں کے سوشل میڈیا استعمال پر پابندی کی تجویز

پیرس: فرانس میں پارلیمانی کمیشن نے 15 سال سے کم عمر بچوں کے لیے سوشل میڈیا کے استعمال پر مکمل پابندی کی تجویز پیش کی ہے۔ یہ تجویز چھ ماہ طویل تحقیقات کے بعد سامنے آئی، جس میں سوشل میڈیا کے بچوں اور نوجوانوں پر نفسیاتی اثرات کا جائزہ لیا گیا۔

کمیشن کی رپورٹ میں تجویز دی گئی ہے کہ 15 سے 18 سال کی عمر کے نوجوانوں کے لیے بھی رات 10 بجے سے صبح 8 بجے تک سوشل میڈیا استعمال پر پابندی، یعنی “ڈیجیٹل کرفیو” نافذ کیا جائے۔ اس اقدام کا مقصد نوجوانوں کی ذہنی صحت اور نیند کے معمولات کو بہتر بنانا ہے۔

رپورٹ میں سوشل میڈیا کے ممکنہ خطرات سے آگاہی کے لیے عوامی مہم چلانے، ڈیجیٹل غفلت کو قابل سزا جرم بنانے، اور سوشل میڈیا اکاؤنٹس کی تخلیق کے وقت عمر کی درست تصدیق کا نظام لازمی قرار دینے کی بھی سفارش کی گئی ہے۔

یہ کمیشن اُس وقت قائم کیا گیا تھا جب 2024 میں سات فرانسیسی خاندانوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹک ٹاک کے خلاف قانونی کارروائی کی، جن کا دعویٰ تھا کہ ان کے بچوں کو ایسے مواد تک رسائی دی گئی جس سے انہیں ذہنی دباؤ اور خودکشی جیسے خطرناک نتائج کا سامنا کرنا پڑا۔

ٹک ٹاک نے کمیٹی کے سامنے پیش ہو کر اپنے موقف میں کہا کہ پلیٹ فارم نے مصنوعی ذہانت کی مدد سے سروس کی شرائط کی خلاف ورزی کرنے والے 98 فیصد مواد کی شناخت اور کارروائی کی ہے۔

Leave a reply