
لاہور: نیو ایئر نائٹ کے موقع پر پنجاب بھر میں امن و امان قائم رکھنے کے لیے پنجاب پولیس نے جامع سیکیورٹی پلان تیار کر لیا ہے۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے صوبے میں سیکیورٹی ہائی الرٹ رہنے اور تمام پولیس فورسز کو چوکس رہنے کی ہدایات جاری کی ہیں۔
ذرائع کے مطابق نیو ایئر نائٹ پر صوبے میں مجموعی طور پر 25 ہزار سے زائد پولیس افسران اور اہلکار ڈیوٹی انجام دیں گے، جن میں لاہور میں پانچ ہزار سے زائد اہلکار تعینات ہوں گے۔ تعینات کی گئی نفری میں انسپکٹرز، سب انسپکٹرز، اسسٹنٹ سب انسپکٹرز، ہیڈ کانسٹیبلز اور کانسٹیبلز شامل ہیں۔
آئی جی پنجاب نے بتایا کہ لاہور اور دیگر شہروں میں سیکیورٹی کی نگرانی سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے کی جائے گی اور پولیس کو ہدایت دی گئی ہے کہ مشکوک افراد اور قانون شکنی میں ملوث عناصر پر خصوصی نظر رکھی جائے۔
انہوں نے واضح کیا کہ نیو ایئر نائٹ کے دوران ون ویلنگ، ہوائی فائرنگ اور ہلڑ بازی پر مکمل پابندی ہوگی، اور خواتین یا شہریوں کو ہراساں کرنے والے افراد کے خلاف فوری کارروائی کی جائے گی۔
پولیس نے ٹریفک کے مربوط انتظامات یقینی بنانے، ڈولفن اسکواڈ، پیرو، ایلیٹ فورس اور پنجاب ہائی وے پٹرولنگ کے ذریعے سڑکوں پر نگرانی بڑھانے، اور سرچ اینڈ سویپ آپریشنز جاری رکھنے کی بھی ہدایات دی ہیں۔
آئی جی پنجاب نے کہا کہ گزشتہ سال قانون شکنی کرنے والے ون ویلرز اور ہوائی فائرنگ میں ملوث افراد سے پیشگی ضمانتی مچلکے بھی حاصل کیے جائیں گے، اور تمام مقامی پولیس افسران اپنے علاقوں میں سیکیورٹی انتظامات کی نگرانی کریں گے۔
پنجاب پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ کسی بھی مشکوک سرگرمی یا غیر قانونی عمل کی اطلاع فوری طور پر ہیلپ لائن 15 پر دیں تاکہ بروقت کارروائی کی جا سکے۔









