پنجاب میں گوگل کروم بک فیکٹری کے قیام کی پیشکش، حکومت کی بھرپور معاونت کی یقین دہانی

0
178
پنجاب میں گوگل کروم بک فیکٹری کے قیام کی پیشکش، حکومت کی بھرپور معاونت کی یقین دہانی

لاہور: عالمی ٹیکنالوجی ادارہ گوگل نے پنجاب میں گوگل کروم بُک (لیپ ٹاپ) کی مقامی تیاری کے لیے فیکٹری قائم کرنے کی تجویز پیش کی ہے، جس پر پنجاب حکومت نے منصوبے کے لیے مکمل تعاون فراہم کرنے کا یقین دلایا ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سے گوگل فار ایجوکیشن اور ٹیک ویلی کے وفد نے ملاقات کی۔ وفد کی قیادت گوگل فار ایجوکیشن کے گلوبل ڈائریکٹر کیون کالیس نے کی، جبکہ ٹیک ویلی کے چیف انفارمیشن آفیسر عمر فاروق بھی شریک تھے۔

ملاقات کے دوران صوبے میں کروم بک فیکٹری کے قیام، سرکاری اسکولوں میں ڈیجیٹل تعلیم کے فروغ، اور اے آئی ٹولز کے استعمال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وفد نے بتایا کہ نئی کروم بُک میں طلبہ کے لیے تین اہم سافٹ ویئرز — جیمنائی ، ریڈ آلانگ اور کینوا — شامل کیے جائیں گے تاکہ تعلیم کے معیار میں بہتری لائی جا سکے۔

گوگل فار ایجوکیشن کے مطابق، اب تک دو ہزار سے زائد سرکاری اساتذہ کو جدید تربیت فراہم کی جا چکی ہے، جبکہ مزید اساتذہ کی ٹریننگ جاری ہے۔

وزیراعلیٰ مریم نواز نے اس موقع پر کہا کہ پنجاب حکومت آئی ٹی کو تعلیم کا لازمی جزو بنانے کے لیے سرگرم ہے اور صوبے کو مصنوعی ذہانت کا مرکز بنانے کے عزم پر قائم ہے۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ حکومت فیکٹری کے قیام کے لیے انتظامی و تکنیکی تعاون فراہم کرے گی تاکہ صوبے میں تعلیمی ٹیکنالوجی کی مقامی صنعت کو فروغ دیا جا سکے۔

Leave a reply