پنجاب میں سیلابی صورتحال تشویشناک، چناب اور راوی کے ریلےبڑےخطرے کا باعث

0
56
پنجاب میں سیلابی صورتحال تشویشناک، چناب اور راوی کے ریلےبڑےخطرے کا باعث

پنجاب میں دریاؤں میں پانی کی سطح مسلسل بلند ہو رہی ہے، جس پر متعلقہ حکام نے الرٹ جاری کر دیا ہے۔ صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل عرفان علی کاٹھیا کے مطابق، دریائے چناب، راوی اور ستلج میں پانی کے تیز بہاؤ سے کئی علاقوں کو خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے نے بتایا کہ ہیڈ مرالہ پر پانی کا بہاؤ 1 لاکھ 75 ہزار کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے، جبکہ تریموں ہیڈ ورکس پر پانی کی سطح میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے اور آئندہ دنوں میں وہاں سے 8 لاکھ 30 ہزار کیوسک پانی گزرنے کا امکان ہے۔

یہ پانی آگے چل کر ہیڈ محمد والا، کبیر والا اور چناب میں شامل ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہیڈ محمد والا پر بھی 7 سے 8 لاکھ کیوسک کا ریلا پہنچ سکتا ہے، اور اگر ضرورت پڑی تو شگاف ڈالنے کا فیصلہ بھی کیا جا سکتا ہے تاکہ مزید نقصان سے بچا جا سکے۔

بلوکی کے مقام پر دریائے راوی میں 2 لاکھ 20 ہزار کیوسک تک پانی پہنچ چکا ہے، جبکہ مظفرگڑھ میں 4 ستمبر کو تقریباً 9 لاکھ کیوسک کا ریلا آنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

ریسکیو اور امدادی کارروائیاں بھرپور انداز میں جاری ہیں، جن میں ریسکیو 1122 اور پاک فوج اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ دریائے ستلج کے کنارے سے متصل 22 دیہاتوں کو خالی کرایا جا چکا ہے، جبکہ دیگر متاثرہ علاقوں میں بھی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

حکام نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ محفوظ مقامات پر منتقل ہو جائیں اور انتظامیہ سے تعاون کریں۔

Leave a reply