پنجاب میں سیلابی صورتحال، وزیراعظم کی امدادی سرگرمیاں تیز کرنے کی ہدایت

0
341
پنجاب میں سیلابی صورتحال، وزیراعظم کی امدادی سرگرمیاں تیز کرنے کی ہدایت

پنجاب میں حالیہ بارشوں اور دریاؤں میں طغیانی کے باعث پیدا ہونے والی سیلابی صورتحال کے پیش نظر وزیراعظم نے فوری اقدامات کی ہدایت جاری کر دی ہے۔ دریائے چناب، ستلج اور راوی میں پانی کی سطح میں اضافے سے کئی نشیبی علاقے متاثر ہوئے ہیں۔

وزیراعظم نے وفاقی وزراء کو ہدایت دی ہے کہ وہ فوری طور پر متاثرہ علاقوں کا دورہ کریں اور امدادی کارروائیوں کی براہ راست نگرانی کریں۔ انہوں نے کہا کہ دریاؤں کے کناروں پر آباد لوگوں کی فوری محفوظ مقامات پر منتقلی یقینی بنائی جائے، تاکہ قیمتی جانوں کو بچایا جا سکے۔

اس کے ساتھ ہی نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی ، صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز اور دیگر متعلقہ اداروں کو ہائی الرٹ رہنے کا حکم بھی دیا گیا ہے۔ وزیراعظم نے اداروں کو آپس میں قریبی روابط قائم رکھنے اور ریسکیو کارروائیاں مزید تیز کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

ایک اعلیٰ سطحی جائزہ اجلاس میں وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان موسمیاتی تبدیلیوں سے شدید متاثرہ ممالک میں شامل ہے۔ انہوں نے 2022 کے تباہ کن سیلاب کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اُس وقت ملک کو 30 ارب ڈالر کا نقصان ہوا تھا، اور حالیہ بارشوں اور سیلاب سے خیبرپختونخوا سمیت کئی علاقوں میں بڑے پیمانے پر نقصان ہوا ہے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ موسمیاتی تبدیلی ایک بڑا چیلنج ہے جس سے نمٹنے کے لیے قومی اور بین الاقوامی سطح پر مشترکہ کوششوں کی ضرورت ہے۔

Leave a reply