پنجاب میں دفعہ 144 میں 7 روز کی توسیع، جلسے جلوس اور دھرنے بدستور ممنوع

لاہور: حکومتِ پنجاب نے صوبے بھر میں امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے کے لیے دفعہ 144 کے نفاذ میں مزید 7 دن کی توسیع کر دی ہے۔ اس سلسلے میں محکمہ داخلہ پنجاب نے 8 نومبر تک توسیع کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔
ترجمان محکمہ داخلہ کے مطابق صوبے میں ہر قسم کے احتجاج، ریلی، جلسے، جلوس اور دھرنے پر پابندی برقرار رہے گی۔ عوامی مقامات پر چار یا اس سے زائد افراد کے اکٹھے ہونے کی اجازت نہیں ہوگی۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ اس دوران اسلحے کی نمائش، لاؤڈ اسپیکر کا غیر ضروری استعمال، اور اشتعال انگیز یا فرقہ وارانہ مواد کی تقسیم بھی ممنوع قرار دی گئی ہے۔
محکمہ داخلہ کا کہنا ہے کہ پابندی کا مقصد عوام کے جان و مال کا تحفظ اور امن و امان کی صورتحال کو بہتر بنانا ہے۔ تاہم یہ پابندی شادی کی تقریبات، جنازوں اور تدفین پر لاگو نہیں ہوگی۔ سرکاری فرائض انجام دینے والے اہلکار اور عدالتیں بھی اس حکم سے مستثنیٰ ہوں گی۔
مزید یہ کہ لاؤڈ اسپیکر کا استعمال صرف اذان اور جمعہ کے خطبے تک محدود رکھا جائے گا۔









