پنجاب میں ’’اپنی زمین، اپنا گھر‘‘ پروگرام کا آغاز، 2 ہزار مستحق افراد پلاٹ کے حقدار قرار

لاہور: پنجاب حکومت نے ’’اپنی زمین، اپنا گھر‘‘ پروگرام کا باقاعدہ آغاز کر دیا، جس کا افتتاح مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی درخواست پر ڈیجیٹلی انجام دیا۔
لاہور میں منعقدہ تقریب کے دوران پہلی ڈیجیٹل قرعہ اندازی کی گئی جس میں صوبے کے 19 اضلاع میں قائم 23 ہاؤسنگ اسکیموں کے تحت 2 ہزار مستحق افراد کو 3 مرلہ کے پلاٹ الاٹ کیے گئے۔
اعداد و شمار کے مطابق جہلم میں 730، قصور میں 388، فیصل آباد میں 257، لودھراں میں 219، اوکاڑہ میں 130، لیہ میں 55، بھکر میں 52، ساہیوال میں 33 جبکہ سرگودھا میں 25 افراد کے نام نکلے۔ مزید برآں خوشاب میں 24، بہاولنگر میں 20، منڈی بہاءالدین میں 17، راجن پور میں 15، اٹک میں 1، گجرات میں 8، بہاولپور میں 7 جبکہ جھنگ اور وہاڑی میں 4، 4 اور چنیوٹ میں 2 درخواست دہندگان کو پلاٹ ملے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے خوش قسمت منتخب امیدواروں کو خود ٹیلی فون کرکے مبارکباد دی، جبکہ نواز شریف اور وزیراعلیٰ نے اٹک کی رخسانہ بی بی اور بہاولپور کی میرومائی سے بھی براہِ راست گفتگو کی۔
وزیراعلیٰ نے بتایا کہ پلاٹ حاصل کرنے والے خاندانوں کو گھر کی تعمیر کے لیے 15 لاکھ روپے تک کا قرض دیا جائے گا، جس کی ادائیگی 9 سال میں تقریباً 14 ہزار روپے ماہانہ قسطوں کی صورت میں ہوگی۔
تقریب کے دوران صوبائی وزیر ہاؤسنگ بلال یٰسین نے پروگرام سے متعلق بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ شفافیت یقینی بنانے کے لیے نادرا فیلڈ اسٹاف کے ذریعے اسکروٹنی، تصدیق اور ضلعی کمیٹیوں کی منظوری کا نظام متعارف کرایا گیا ہے۔ ان کے مطابق پنجاب بھر سے 1 لاکھ 83 ہزار سے زائد افراد نے رجسٹریشن کرائی، جن میں سے 18 ہزار 308 درخواست دہندگان پہلے مرحلے کی قرعہ اندازی کے لیے اہل قرار پائے۔









