
امریکی محکمہ خارجہ نے اعلان کیا ہے کہ پشاور میں قائم امریکی قونصل جنرل کی سرگرمیوں کو مرحلہ وار محدود کیا جا رہا ہے اور وہاں سے سفارتی امور کو بتدریج ختم کر کے اسلام آباد منتقل کیا جائے گا۔
محکمہ خارجہ کے مطابق یہ فیصلہ سفارتی عملے کی سلامتی کو بہتر بنانے، اور وسائل کے مؤثر استعمال کو یقینی بنانے کے لیے کیا گیا ہے۔ اس تبدیلی کے بعد خیبر پختونخوا سے متعلق تمام سفارتی اور انتظامی معاملات اب امریکی سفارت خانے اسلام آباد کے ذریعے انجام دیے جائیں گے۔
اعلامیے میں واضح کیا گیا ہے کہ اس اقدام کے باوجود پاکستان کے لیے امریکی پالیسی میں کوئی تبدیلی نہیں آئے گی اور دونوں ممالک کے درمیان تعاون بدستور جاری رہے گا۔
مزید کہا گیا ہے کہ امریکہ پاکستان کے ساتھ تعلقات کو اہمیت دیتا ہے اور خیبر پختونخوا کے عوام اور حکومت کے ساتھ رابطے مختلف ذرائع سے برقرار رکھے جائیں گے، جن کا مقصد معاشی تعاون، علاقائی استحکام اور مشترکہ مفادات کا فروغ ہے۔
امریکی حکام کے مطابق پاکستان میں امریکی سفارتی سرگرمیاں اسلام آباد کے علاوہ کراچی اور لاہور میں موجود دفاتر کے ذریعے بھی جاری رہیں گی۔








