
عالمی شہرت یافتہ بھارتی اداکارہ پریانکا چوپڑا نے ہالی وڈ میں کام کرنے کی وجوہات پر کھل کر اظہار خیال کیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق حالیہ انٹرویو میں اداکارہ نے بتایا کہ وہ کبھی بھی باقاعدہ طور پر بالی وڈ چھوڑنے کا ارادہ نہیں رکھتی تھیں، تاہم ہندی فلموں میں مصروف ہونے کے دوران بعض وجوہات کی بنا پر خود کو محدود محسوس کرتی تھیں۔
ان کا کہنا تھا کہ وہ اپنے فنی سفر کو مزید وسعت دینا چاہتی تھیں اور ایسے مواقع کی تلاش میں تھیں جو بطور فنکار ان کی صلاحیتوں کو نکھار سکیں۔ اسی سوچ نے انہیں امریکا جا کر کام کرنے کی ترغیب دی۔
پریانکا چوپڑا نے کہا کہ وقت گزرنے کے ساتھ انہیں احساس ہوا کہ اچھے اور معیاری منصوبوں کا انتخاب کرنا آسان نہیں ہوتا، تاہم وہ اپنے فیصلوں سے مطمئن ہیں۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے واضح کیا کہ انہیں بھارتی فلمیں بے حد پسند ہیں اور وہ بھارت آکر ہمیشہ خوشی محسوس کرتی ہیں۔ ان کے مطابق وہ بالی وڈ اور ہالی وڈ میں سے کسی ایک کا انتخاب نہیں کرنا چاہتیں بلکہ دونوں فلمی صنعتوں میں کام کرنا پسند کرتی ہیں۔
اداکارہ کا مزید کہنا تھا کہ دونوں انڈسٹریز کی ثقافت اور کام کرنے کا انداز مختلف ہے، لیکن اب وہ خود کو اس قابل سمجھتی ہیں کہ دونوں ماحول میں باآسانی کام کر سکیں، جو ان کے لیے ایک منفرد اور دلچسپ تجربہ ہے۔








