پاک فضائیہ کی بھرپور تیاری، “اگلی بار اسکور 60-0 ہوگا

کراچی : یوم دفاع پاکستان کے موقع پر مزار قائد پر منعقدہ گارڈز کی تبدیلی کی تقریب میں خطاب کرتے ہوئے ائیر وائس مارشل شہریار خان نے کہا کہ آپریشن “بنیان المرصوص” نے 6 ستمبر 1965 کی یاد تازہ کر دی، اور آئندہ اگر دشمن نے کوئی حرکت کی تو اسے پہلے سے کہیں زیادہ سخت جواب دیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ “اگلی بار اسکور 6-0 نہیں بلکہ 60-0 ہو گا۔ پاک فضائیہ ہر محاذ پر تیار ہے اور دشمن کو ہمیشہ منہ کی کھانی پڑی ہے۔”
ائیر وائس مارشل کا کہنا تھا کہ مزار قائد پر گارڈز کے فرائض سنبھالنا پاکستان ائیر فورس اکیڈمی اصغرخان کے لیے ایک اعزاز ہے۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ “ہمیں اپنی فضائیہ پر فخر ہے، جو نہ صرف جنگ کے دوران بلکہ امن کے وقت بھی قوم کے شانہ بشانہ کھڑی رہتی ہے۔”
انہوں نے فضائی قوت میں تکنیکی ترقی اور پیشہ ورانہ مہارت کو سراہتے ہوئے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کی بدولت پاک فضائیہ نے عالمی سطح پر اپنی پہچان بنائی ہے۔
ملک بھر میں یوم شہداء و دفاع بھرپور قومی جذبے سے منایا جا رہا ہے۔ دن کا آغاز توپوں کی سلامی اور خصوصی دعاؤں سے ہوا۔ عوام اور افواج پاکستان کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے مختلف تقریبات منعقد کی جا رہی ہیں۔
واضح رہے کہ حالیہ مہینوں میں ہونے والے ایک فضائی معرکے میں پاکستان نے دشمن کے کئی طیارے مار گرائے اور کئی اہم فضائی اڈے تباہ کیے، جس سے دشمن کو واضح پیغام ملا کہ پاکستان کی فضائی حدود ناقابل تسخیر ہیں۔









