پاک افغان سرحدی کشیدگی پر سوشل میڈیا صارفین کا مزاحیہ ردعمل: ’آپریشن تندور‘ ٹاپ ٹرینڈ

0
151
پاک افغان سرحدی کشیدگی پر سوشل میڈیا صارفین کا مزاحیہ ردعمل: ’آپریشن تندور‘ ٹاپ ٹرینڈ

پاک افغان سرحد پر جاری کشیدگی کے دوران جہاں دونوں جانب سے بھاری ہتھیاروں کا استعمال جاری ہے، وہیں پاکستانی سوشل میڈیا صارفین نے حسب روایت اپنی حسِ مزاح کا بھرپور مظاہرہ کرتے ہوئے انٹرنیٹ پر ایک نیا محاذ کھول دیا ہے۔ ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر “آپریشن تندور” ہیش ٹیگ ٹاپ ٹرینڈ بن گیا ہے۔

سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی پوسٹس میں پاکستانی صارفین نے مختلف مزاحیہ انداز میں جاری کشیدگی پر تبصرے کیے۔ کچھ پوسٹس میں افغان فورسز کے دفاعی نظام کو گدھا گاڑیوں اور لوڈر ٹریکٹروں سے تشبیہ دی گئی، جبکہ دیگر میمز میں افغان طالبان کو تفریحی کشتیوں پر دکھا کر “افغان نیوی” کو طنزیہ انداز میں پیش کیا گیا۔

ایک پوسٹ میں، بالی ووڈ فلم “منا بھائی” کے ایک سین کو استعمال کرتے ہوئے کہا گیا، “ارے بھائی، یہ تو شروع ہوتے ہی ختم ہوگئی”۔ اسی طرح ایک ویڈیو میم میں سعودی عرب کو پاکستان اور افغانستان کے درمیان کشیدگی کو “پنجہ لڑائی” کی طرح دیکھتے ہوئے دکھایا گیا، جو حالیہ پاک سعودی دفاعی معاہدے کی طرف اشارہ تھا۔

ایک اور وائرل پوسٹ میں سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی تصویر استعمال کرتے ہوئے کہا گیا، “جب آپ کو احساس ہو کہ آپ اب افغانستان کے ساتھ جنگ میں ہیں۔”

پاکستان میں مقیم افغان شہریوں کے تندور سے وابستہ کام کی وجہ سے “آپریشن تندور” کا ہیش ٹیگ خاصی مقبولیت حاصل کر رہا ہے۔ کئی صارفین نے مزاحیہ پوسٹس میں عوام کو “چوری شدہ موبائلز اور موٹر سائیکلوں کی تلاش میں افغانستان کی طرف بھاگتے” ہوئے دکھایا۔

دوسری جانب، سیکیورٹی ذرائع کے مطابق افغان فورسز کی بلااشتعال فائرنگ کے جواب میں پاک فوج نے مختلف سیکٹرز میں موثر کارروائی کی، جس کے نتیجے میں 19 افغان پوسٹوں پر کنٹرول حاصل کر کے پاکستانی پرچم لہرا دیا گیا۔ جوابی حملے میں توپخانے، ٹینکوں، فضائی وسائل اور دیگر بھاری ہتھیاروں کا استعمال کیا گیا۔ اطلاعات کے مطابق متعدد افغان اہلکار ہلاک ہوئے جبکہ کئی چوکیوں سے طالبان فورسز نے پیچھے ہٹنے میں ہی عافیت جانی۔

موجودہ صورتحال پر قطر اور سعودی عرب نے بھی تشویش کا اظہار کیا ہے، اور دونوں ممالک نے خطے میں امن کی بحالی پر زور دیا ہے۔

یہ کشیدہ صورتحال اپنی جگہ، مگر پاکستانی عوام کا سوشل میڈیا پر ردعمل ایک بار پھر دنیا کو یہ یاد دلا رہا ہے کہ مزاح اور طنز، پاکستانیوں کا ایک ایسا ہتھیار ہے جو ہر حال میں فعال رہتا ہے۔

Leave a reply