
پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) نے انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن سے مطالبہ کیا ہے کہ جونیئر ہاکی ورلڈکپ 2025 کے دوران پاکستان کے میچ بھارت کے بجائے کسی غیر جانبدار ملک میں کرائے جائیں۔
ذرائع کے مطابق پی ایچ ایف نے ایک خط کے ذریعے بین الاقوامی فیڈریشن کو آگاہ کیا ہے کہ پاکستانی کھلاڑیوں کو بھارت میں سکیورٹی سے متعلق خدشات لاحق ہیں۔ اسی لیے مطالبہ کیا گیا ہے کہ قومی ٹیم کے میچ کسی محفوظ اور نیوٹرل مقام پر منتقل کیے جائیں۔
واضح رہے کہ جونیئر ہاکی ورلڈکپ 28 نومبر سے بھارت میں شروع ہو کر 11 دسمبر تک جاری رہے گا۔ اس سے قبل بھی پاکستان کی سینئر ہاکی ٹیم ایشیا کپ کے لیے بھارت کا دورہ نہیں کر سکی تھی۔