
پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) کے نئے ایڈہاک صدر محی الدین وانی نے اپنے عہدے کا چارج سنبھال لیا اور قومی ہاکی ٹیم کے کپتان عماد بٹ پر عائد پابندی ختم کرنے کا اعلان کیا ہے۔
چارج سنبھالنے کے بعد محی الدین وانی نے کہا کہ ہاکی کے فروغ اور ٹیم کی بحالی کے لیے فوری اور ہنگامی اقدامات کیے جائیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ ٹیم مینجمنٹ کی ازسرِ نو تشکیل، کوچنگ اور ٹریننگ کے نظام میں بہتری، اور ادارہ جاتی روابط مضبوط بنانے پر کام جاری ہے۔
ایڈہاک صدر نے یہ بھی واضح کیا کہ کھلاڑی صرف ٹریننگ اور میچز پر توجہ دیں گے، جبکہ انتظامی امور فیڈریشن سنبھالے گی اور تمام فیصلے شفافیت اور میرٹ کی بنیاد پر کیے جائیں گے۔
محی الدین وانی نے بتایا کہ ورلڈ کپ کوالیفائنگ راؤنڈ کے لیے وقت کم ہے، اس لیے تربیتی کیمپ آج یا کل سے شروع کر دیا جائے گا۔
خیال رہے کہ سابق صدر طارق بگٹی نے عماد بٹ پر پابندی عائد کرنے کے بعد استعفیٰ دیا تھا، جسے وزیر اعظم شہباز شریف نے منظور کیا تھا۔ حکومتی فیصلے کے تحت محی الدین وانی کو پی ایچ ایف کا ایڈہاک صدر مقرر کیا گیا ہے۔









