
ایشیا کپ کے دوران پاکستان کے خلاف میچ کے حوالے سے سوشل میڈیا پر جاری بحث اور بائیکاٹ کی اپیلوں کے بعد بھارتی کرکٹ ٹیم کے فیلڈنگ کوچ ریان ٹین ڈوسکیتے نے اپنا مؤقف پیش کیا ہے۔
دبئی میں آج روایتی حریف پاکستان اور بھارت کے درمیان اہم ٹاکرا متوقع ہے، جس کے تناظر میں بھارتی شائقین کی جانب سے سوشل میڈیا پر شدید ردعمل دیکھنے میں آیا۔ اسی تناظر میں بھارتی ٹیم انتظامیہ نے کھلاڑیوں کی جانب سے ایک متوازن پیغام دیا ہے۔
ریان ٹین، جو نیدرلینڈز کے سابق کرکٹر بھی ہیں، نے کہا کہ کھلاڑی عوامی جذبات کی قدر کرتے ہیں اور ٹیم میٹنگز میں اس معاملے پر کھل کر بات ہوئی ہے۔
ان کا کہنا تھا، “ہم یہاں کرکٹ کھیلنے کے لیے آئے ہیں۔ کھلاڑی حکومتی پالیسی اور بورڈ کی ہدایات پر عمل کر رہے ہیں۔ ہمارا کام میدان پر اپنی بہترین کارکردگی دکھانا ہے۔”
انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ ہیڈ کوچ گوتم گمبھیر کی جانب سے تمام کھلاڑیوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ غیر ضروری تنازعات سے دور رہیں اور صرف اپنے کھیل پر توجہ دیں۔
بھارتی کرکٹ بورڈ اور حکومت کی رہنمائی میں ٹیم میدان میں اتر رہی ہے، اور غیر ضروری معاملات پر توجہ نہ دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔









