پاکستان کی 1967 کی سرحدوں کے مطابق آزاد فلسطینی ریاست کی حمایت

اسلام آباد: پاکستان نے 1967 کی سرحدوں کے مطابق ایک آزاد، خودمختار اور قابل عمل فلسطینی ریاست کے قیام کی حمایت کا اعادہ کیا ہے، جس کا دارالحکومت القدس الشریف ہوگا۔
ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان نے حالیہ دنوں فلوٹیلا مشن کو روکے جانے کی شدید مذمت کی ہے۔ اس مشن میں 40 سے زائد کشتیوں پر سوار 500 بین الاقوامی کارکنان انسانی امداد لے کر غزہ جا رہے تھے، جنہیں اسرائیلی افواج نے روک دیا۔ ترجمان کے مطابق انسانی ہمدردی کی بنیاد پر سرگرم کارکنان کو حراست میں لینا بین الاقوامی قوانین کی سنگین خلاف ورزی ہے۔
دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ غزہ پر غیرقانونی محاصرہ 20 لاکھ سے زائد فلسطینیوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرا رہا ہے، اور امدادی سامان کی ترسیل میں رکاوٹ ڈالنا چوتھے جنیوا کنونشن کی خلاف ورزی کے زمرے میں آتا ہے۔
پاکستان نے فلوٹیلا میں شامل تمام کارکنان کی فوری رہائی اور غزہ کے محاصرے کے خاتمے کا مطالبہ کیا ہے، ساتھ ہی انسانی امداد کی بلا رکاوٹ فراہمی پر بھی زور دیا گیا ہے۔
دفتر خارجہ کے اعلامیے میں عالمی برادری پر زور دیا گیا ہے کہ وہ بین الاقوامی قوانین، انسانی حقوق اور انسانی ہمدردی کے اصولوں کا احترام یقینی بنائے، اور اسرائیل کو اس کے اقدامات پر جوابدہ بنایا جائے۔









