پاکستان کی متوازن خارجہ پالیسی اور مؤثر عسکری سفارتکاری عالمی سطح پر اہمیت اختیار کرنے لگی

0
148
پاکستان کی متوازن خارجہ پالیسی اور مؤثر عسکری سفارتکاری عالمی سطح پر اہمیت اختیار کرنے لگی

اسلام آباد – پاکستان کی معتدل خارجہ پالیسی اور متحرک عسکری سفارتکاری عالمی سطح پر پذیرائی حاصل کر رہی ہے، جس کے اثرات دنیا کے اہم سفارتی حلقوں میں محسوس کیے جا رہے ہیں۔ ایک معروف بین الاقوامی تجزیاتی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ جنوبی ایشیا میں پاکستان کا کردار روز بروز اہمیت اختیار کرتا جا رہا ہے۔

رپورٹ کے مطابق حالیہ عالمی حالات نے خطے میں طاقت کے توازن کو بدل کر رکھ دیا ہے۔ پاکستان کی سفارتی پالیسی نہ صرف خطے میں امن کے قیام میں مددگار ثابت ہو رہی ہے بلکہ عالمی طاقتوں کے ساتھ تعلقات میں بھی مثبت پیش رفت ہو رہی ہے۔ امریکا کی علاقائی حکمت عملی میں بھی نمایاں تبدیلی دیکھنے میں آئی ہے اور واشنگٹن کی توجہ اب جنوبی ایشیا میں پاکستان کے کردار پر مرکوز ہو رہی ہے۔

تحقیقی جائزے میں بتایا گیا ہے کہ مئی 2025 میں پاک بھارت کشیدگی کے دوران ایٹمی تصادم کے خدشات نے عالمی برادری کو فکرمند کر دیا تھا۔ تاہم امریکا کی مداخلت سے دونوں ممالک میں جنگ بندی ممکن ہوئی، جس نے پاکستان کی سفارتی حکمت عملی کو مزید مستحکم بنایا۔

رپورٹ کے مطابق پاکستان نے بارہا بھارت کے ساتھ بہتر تعلقات کی خواہش ظاہر کی، مگر بھارتی رویہ روایتی جارحیت اور مداخلت پر مبنی رہا۔ خاص طور پر بلوچستان میں مبینہ مداخلت اور عدم استحکام پیدا کرنے کی کوششیں خطے میں امن کے لیے چیلنج بن چکی ہیں۔

خطے میں بڑھتے ہوئے تناؤ کے باوجود پاکستان نے عالمی فورمز پر امن، استحکام اور باہمی احترام کی پالیسی اپنائے رکھی ہے، جس کے باعث بین الاقوامی سطح پر پاکستان کا وقار بڑھا ہے اور عالمی طاقتیں اسے ایک ذمہ دار ریاست کے طور پر دیکھنے لگی ہیں۔

ماہرین کے مطابق پاکستان کی خارجہ اور عسکری پالیسی کا موجودہ انداز مستقبل میں خطے کے لیے مثبت پیش رفت کا باعث بن سکتا ہے، بشرطیکہ دیگر علاقائی ممالک بھی کشیدگی سے گریز کرتے ہوئے تعمیری مکالمے کو فروغ دیں۔

Leave a reply