پاکستان کی سفارتی کوششیں رنگ لےآئیں ، مشتاق احمد خان رہا

0
61

سابق سینیٹر مشتاق احمد خان کو اسرئیلی قید سے رہا کر دیا گیا ہے۔ اس ریلیف کی باضابطہ تصدیق پاکستان کے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کی ہے، جن کا کہنا ہے کہ یہ رہائی پاکستان کی مؤثر سفارتی کوششوں کا نتیجہ ہے اور متعلقہ ادارے سابق سینیٹر کی وطن واپسی کے انتظامات کر رہے ہیں۔

مشتاق احمد خان کو اسرائیلی فورسز نے اس وقت گرفتار کیا تھا جب وہ غزہ کے لیے امداد لے جانے والے بحری قافلے “گلوبل صمود فلوٹیلا” کے دیگر شرکاء کے ہمراہ سفر کر رہے تھے۔ گرفتاری کے فوری بعد پاکستان نے ان کے لیے مسلسل سفارتی رابطے اور کوششیں جاری رکهنے کا اعلان کیا تھا۔

رہائی کے بعد اردن پہنچ کر جاری ایک ویڈیو پیغام میں مشتاق احمد خان نے بتایا کہ ان پر قید کے دوران بدترین تشدد کیا گیا۔ ان کا کہنا تھا، “ہم پر کتے چھوڑے گئے، پیروں میں بیٹریاں دالی گئیں اور جسمانی و ذہنی اذیت دی گئی۔” انہوں نے کہا کہ وہ تقریباً پانچ سے چھ روز اسرائیلی جیل میں قید رہے۔

سابق سینیٹر نے مزید کہا کہ انہیں اور تقریباﹰ 150 ساتھیوں کو ایک ساتھ رہا کیا گیا اور وہ اس وقت اردن میں ہیں۔ مشتاق احمد خان نے اعلان کیا کہ وہ جلد پاکستان واپسی کا ارادہ رکھتے ہیں اور کہا، “ہم اسرائیل کے خاتمے اور مسجد اقصیٰ کی آزادی تک اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔”

وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے اس واقعے کو پاکستان کی سفارتی کامیابی قرار دیا اور کہا کہ حکومت نے قیدی کے تحفظ اور واپسی کے لیے مؤثر کوششیں کیں۔ متعلقہ ادارے سابق سینیٹر کی جلد وطن واپسی کے انتظامات میں مصروف ہیں، ان کی صحت اور حفاظتی امور کو مقدم رکھا گیا ہے۔

Leave a reply