پاکستان کو بڑا ریلیف، یو اے ای کا 2 ارب ڈالر قرض وقتی طور پر موخر

0
87
پاکستان کو بڑا ریلیف، یو اے ای کا 2 ارب ڈالر قرض وقتی طور پر موخر

متحدہ عرب امارات نے پاکستان کے 2 ارب ڈالر کے قرض کی ادائیگی میں عارضی سہولت دیتے ہوئے اس کی میچورٹی ایک ماہ کے لیے آگے بڑھا دی ہے۔ ذرائع کے مطابق قرض کی اصل مدت جنوری میں مکمل ہو رہی تھی، تاہم اب اسے فروری تک موخر کر دیا گیا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ پاکستان نے قرض کو ایک سال کے لیے رول اوور کرنے کی درخواست کی تھی، تاہم ابتدائی طور پر مختصر مدت کی توسیع دی گئی ہے تاکہ مالی دباؤ میں وقتی کمی لائی جا سکے۔
وزارت خزانہ کے مطابق یو اے ای کے 3 ارب ڈالر اس وقت اسٹیٹ بینک آف پاکستان میں بطور محفوظ ڈپازٹ موجود ہیں، جو آئندہ مالی ضروریات کے لیے معاون ثابت ہو سکتے ہیں۔ مزید بتایا گیا کہ پاکستان نے آئی ایم ایف کو جاری قرض پروگرام کے تناظر میں دوست ممالک سے قرض رول اوور کی یقین دہانی کروا رکھی ہے۔
ذرائع کے مطابق یو اے ای کی جانب سے دیے گئے قرض پر شرح سود 6.5 فیصد سے زیادہ ہو سکتی ہے۔ یاد رہے کہ سعودی عرب نے بھی گزشتہ ماہ پاکستان کے 3 ارب ڈالر کے قرض کی مدت ایک سال کے لیے بڑھا دی تھی۔
حکام کے مطابق رواں مالی سال کے دوران مجموعی طور پر 12 ارب ڈالر کے بیرونی قرض رول اوور کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں وزیراعظم آفس اور وزارت خزانہ کے حکام یو اے ای سمیت دیگر شراکت دار ممالک سے مسلسل رابطے میں ہیں۔
مزید یہ بھی بتایا گیا ہے کہ پاکستان چین، سعودی عرب اور یو اے ای سے حاصل سیف ڈپازٹس کی مدت میں توسیع کے لیے اقدامات کر رہا ہے، جبکہ ایک ارب ڈالر کی ایک اور قسط جولائی میں میچور ہونے والی ہے، جس کے رول اوور کی بھی توقع ظاہر کی جا رہی ہے تاکہ بیرونی ادائیگیوں کا توازن برقرار رکھا جا سکے۔

Leave a reply