پاکستان نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں بھارت کے خلاف میچ کھیلنے کی منظوری دے دی

0
24
پاکستان نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں بھارت کے خلاف میچ کھیلنے کی منظوری دے دی

کرکٹ شائقین کے لیے بڑی خبر سامنے آ گئی ہے، جہاں حکومتِ پاکستان نے قومی کرکٹ ٹیم کو آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 میں بھارت کے خلاف شیڈول میچ کھیلنے کی اجازت دے دی ہے۔ یہ میچ 15 فروری کو کولمبو میں کھیلا جائے گا۔
سرکاری ذرائع کے مطابق یہ فیصلہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل، بنگلادیش کرکٹ بورڈ اور سری لنکا کی قیادت کی جانب سے کی گئی درخواستوں کے بعد کیا گیا۔ وزیراعظم شہباز شریف کو پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی نے اس حوالے سے ہونے والے اعلیٰ سطح کے مذاکرات پر تفصیلی بریفنگ دی۔
حکومتی بیان میں کہا گیا ہے کہ مختلف دوست ممالک بشمول سری لنکا، متحدہ عرب امارات اور بنگلادیش نے پاکستان سے موجودہ صورتحال میں مثبت کردار ادا کرنے کی اپیل کی تھی، جس پر غور کے بعد قومی مفاد اور کھیل کے تسلسل کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ فیصلہ کیا گیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اس معاملے پر سری لنکن صدر انورا کمارا ڈسانائیکے سے ٹیلی فون پر گفتگو بھی کی، جس میں باہمی مشاورت اور خوشگوار ماحول میں مسائل کے حل پر تبادلہ خیال ہوا۔
حکومت کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ کرکٹ کی روح کو برقرار رکھنے اور عالمی سطح پر کھیل کے فروغ کے لیے کیا گیا ہے۔ بیان میں قومی ٹیم کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی گئی ہے کہ گرین شرٹس بھرپور جذبے کے ساتھ میدان میں اتریں گے۔
اس سے قبل بنگلادیش کرکٹ بورڈ نے بھی پاکستان سے بھارت کے خلاف میچ کھیلنے کی درخواست کی تھی۔ بی سی بی کے صدر امین الاسلام نے پاکستان کے تعاون کو برادرانہ تعلقات کی مثال قرار دیتے ہوئے شکریہ ادا کیا۔
چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے اس سے قبل عندیہ دیا تھا کہ اس معاملے پر آئی سی سی اور دیگر کرکٹ بورڈز سے مشاورت جاری ہے اور جلد کوئی واضح فیصلہ سامنے آئے گا۔

Leave a reply