پاکستان میں پہلا بین الاقوامی مقابلہ حسنِ قرأت: ملائیشیا کے قاری نے جیتا 50 لاکھ روپے کا انعام

اسلام آباد: پاکستان میں پہلا بین الاقوامی مقابلہ حسنِ قرأت کامیابی سے منعقد ہوا، جس میں دنیا کے 37 ممالک کے قاری حضرات نے حصہ لیا۔ کنونشن سینٹر اسلام آباد میں ہونے والی تقریب تقسیم انعامات قاری سید صداقت علی کی قرات سے شروع ہوئی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے مذہبی امور سردار یوسف نے دنیا بھر سے آنے والے قراء کو خوش آمدید کہا۔ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا کہ یہ مقابلہ امت مسلمہ کے اتحاد کے لیے پاکستان کی کوششوں کی عکاسی کرتا ہے اور نوجوانوں کو قرآن کریم کے ساتھ مضبوط تعلق قائم کرنے کی ترغیب دیتا ہے۔
مقابلے میں پہلی پوزیشن ملائیشیا کے قاری ایمن رضوان بن محمد رملان نے حاصل کی اور 50 لاکھ روپے کا انعام جیتا۔ دوسری پوزیشن ایران کے قاری عدنان نے اور تیسری پوزیشن پاکستانی قاری عبد الرشید نے حاصل کی۔ افغانستان، انڈونیشیا اور مراکش کے قاریوں نے بالترتیب چوتھی، پانچویں اور چھٹی پوزیشن حاصل کی۔
نائب وزیراعظم اور وفاقی وزیر نے پوزیشن حاصل کرنے والے قاری حضرات میں انعامات تقسیم کیے اور ان کے شاندار کارکردگی کی تعریف کی۔








