پاکستان میں بیروزگاری میں اضافہ، خیبر پختونخوا سب سے زیادہ متاثر

0
97
پاکستان میں بیروزگاری میں اضافہ، خیبر پختونخوا سب سے زیادہ متاثر

قومی لیبر فورس سروے 2024-25 کے تازہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ پانچ برس کے دوران ملک کے تمام صوبوں میں بیروزگاری کی شرح میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جس میں خیبر پختونخوا سب سے آگے رہا۔

سروے کے مطابق خیبر پختونخوا میں بیروزگاری کی شرح 8.81 فیصد سے بڑھ کر 9.2 فیصد تک پہنچ گئی۔ پنجاب میں یہ شرح 6.8 فیصد سے 7.1 فیصد، بلوچستان میں 4.3 فیصد سے 5.4 فیصد، جبکہ سندھ میں 3.9 فیصد سے 5.1 فیصد ہوگئی۔

اعداد و شمار ظاہر کرتے ہیں کہ اعلیٰ تعلیم یافتہ افراد بھی روزگار کے حصول میں مشکلات کا شکار ہیں۔ ماسٹرز، ایم فل اور پی ایچ ڈی کی ڈگری رکھنے والے 11.9 فیصد افراد بیروزگار ہیں، جبکہ گریجویٹ ڈگری یافتہ 10.9 فیصد افراد کو بھی روزگار نہیں مل سکا۔ انٹرمیڈیٹ پاس نوجوانوں میں بیروزگاری کی شرح 12.5 فیصد ریکارڈ کی گئی ہے۔

میٹرک پاس افراد میں بیروزگاری 8.4 فیصد جبکہ میٹرک سے کم تعلیم والے 6 فیصد افراد روزگار سے محروم ہیں۔ بے تعلیم طبقے میں بیروزگاری کی سطح 3.2 فیصد سے بڑھ کر 4.4 فیصد تک جا پہنچی ہے۔

سروے رپورٹ کے مطابق ملک میں مجموعی بیروزگاری کی شرح 2020-21 میں 6.3 فیصد تھی جو بڑھ کر 7.1 فیصد ہوچکی ہے۔ پاکستان میں تقریباً 59 لاکھ افراد اس وقت روزگار سے محروم ہیں۔ 2023 کی مردم شماری کے مطابق ملک کی آبادی 24 کروڑ 14 لاکھ 90 ہزار ہے، جن میں سے 3.3 فیصد افراد بیروزگار شمار کیے گئے ہیں۔

Leave a reply