پاکستان میں آن لائن جوا: تفریح کے نام پر خطرناک رجحان

0
154
پاکستان میں آن لائن جوا: تفریح کے نام پر خطرناک رجحان

پاکستان میں آن لائن جوئے اور اسپورٹس بیٹنگ کے رجحان میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔ انٹرنیٹ اور موبائل ایپس پر دستیاب درجنوں پلیٹ فارم صارفین کو چند منٹوں میں بڑی رقم جیتنے کا لالچ دیتے ہیں، لیکن ماہرین خبردار کر رہے ہیں کہ یہ رجحان معاشی اور نفسیاتی تباہی کا باعث بن سکتا ہے۔

بین الاقوامی مالیاتی ماہر کیلب سلور کے مطابق، جوا اور ذمہ داری دو بالکل مختلف چیزیں ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ، “لوگ خطرے کے باوجود جوا کھیلنے کی طرف مائل ہوتے ہیں، خاص طور پر آن لائن پلیٹ فارمز کی سہولت نے اس کو مزید عام کر دیا ہے۔”

امریکہ کی میری لینڈ سینٹر فار ایکسیلنس آن پرابلم گیمبلنگ کی ڈائریکٹر ہیتر ایشلی مین کہتی ہیں کہ آن لائن جوا روایتی جوے کے مقابلے میں زیادہ خطرناک ہے کیونکہ یہ فوری اور تیز رفتار نقصان کا باعث بنتا ہے۔ ان کے مطابق، “جب کوئی شخص اپنی روزمرہ ضروریات جیسے کرایہ یا بلوں کے پیسے جوا کھیلنے میں لگا دے تو یہ خطرے کی گھنٹی ہے۔”

کچھ عالمی بیٹنگ ایپس، جیسے FanDuel اور DraftKings، نے صارفین کے لیے خود حفاظتی فیچرز متعارف کرائے ہیں جن کے ذریعے وہ شرط، وقت اور نقصان کی حد مقرر کر سکتے ہیں۔ تاہم، ماہرین کا کہنا ہے کہ ان حدود کا فائدہ تب ہی ممکن ہے جب انہیں کھیل شروع کرنے سے پہلے طے کیا جائے، کیونکہ کھیل کے دوران جوش و جذبہ عقل پر غالب آجاتا ہے۔

تحفظ کے لیے ماہرین GambBan اور BetBlocker جیسی ایپس استعمال کرنے کا مشورہ دیتے ہیں، جو جوئے کی ویب سائٹس اور ایپس تک رسائی محدود کرتی ہیں۔

کیلب سلور کے مطابق، آن لائن جوا اب کرپٹو کرنسی ٹریڈنگ اور اسٹاک مارکیٹ کی پرخطر سرگرمیوں سے جڑ چکا ہے، اس لیے ضروری ہے کہ صارفین کسی بھی پلیٹ فارم پر اکاؤنٹ بنانے سے پہلے شرط لگانے کے اصول، آڈز اور ممکنہ نقصانات کو سمجھ لیں۔

فین ڈوئل کے پالیسی ڈائریکٹر کوری فاکس کا کہنا ہے کہ ذمہ دارانہ جوا کھیلنا ایسے ہی ہے جیسے گاڑی میں سیٹ بیلٹ باندھنا، جبکہ ڈرافٹ کنگز کی نمائندہ لوری کالانی کے مطابق حد مقرر کرنا ایسا ہے جیسے نشے کی حالت میں ڈرائیونگ کے بجائے محفوظ ذریعہ اختیار کرنا۔

ہیتر ایشلی مین مزید کہتی ہیں کہ اگر کوئی شخص اکیلے جوا کھیل رہا ہے تو یہ تنہائی یا ذہنی دباؤ کی علامت ہو سکتی ہے۔ ان کے مطابق، “اگر لوگ اپنی ذہنی صحت کا خیال رکھیں، دوستوں کے ساتھ وقت گزاریں یا مثبت سرگرمیوں میں حصہ لیں، تو انہیں جوئے کی ضرورت محسوس نہیں ہوگی۔”

ماہرین متفق ہیں کہ آن لائن جوا محض تفریح نہیں بلکہ ایک ایسا رجحان بن چکا ہے جو افراد کی زندگی، تعلقات اور مالی استحکام کو بری طرح متاثر کر رہا ہے۔

Leave a reply