پاکستان اور ورلڈ لبرٹی فنانشل کے درمیان ڈیجیٹل ادائیگیوں پر ایم او یو

0
117
پاکستان اور ورلڈ لبرٹی فنانشل کے درمیان ڈیجیٹل ادائیگیوں پر ایم او یو

اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف سے ورلڈ لبرٹی فنانشل، امریکہ کے وفد نے ملاقات کی، جس دوران پاکستان میں ڈیجیٹل اور کراس بارڈر ادائیگیوں کے فروغ کے لیے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے گئے۔
وفد کی قیادت کمپنی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر زکری وِٹکوف نے کی، جبکہ ملاقات میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، چیف آف ڈیفنس فورسز و چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، وزیراعظم کے معاون خصوصی سید طارق فاطمی اور چیئرمین پاکستان ورچوئل اثاثہ جات ریگولیٹری اتھارٹی بلال بن ثاقب بھی موجود تھے۔
وزیراعظم نے وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ ڈیجیٹل پاکستان کے وژن کا مقصد شہریوں کے لیے رابطے، رسائی، شفافیت اور سہولت میں اضافہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل ادائیگیاں اور مالیاتی جدت پاکستان کی تیزی سے ترقی کرتی ڈیجیٹل معیشت کے لیے کلیدی حیثیت رکھتی ہیں۔
اس موقع پر زکری وِٹکوف نے پاکستان کے ساتھ محفوظ اور شفاف ڈیجیٹل ادائیگیوں کے نظام، خاص طور پر کراس بارڈر ادائیگیوں اور فارن ایکسچینج کے شعبے میں تعاون میں دلچسپی کا اظہار کیا۔ انہوں نے پاکستان کے پالیسی فریم ورک کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ ملک کو عالمی ڈیجیٹل فنانس میں مضبوط امیدوار بنا رہا ہے۔
بعد ازاں وزیراعظم اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے حکومتِ پاکستان اور ایس سی فنانشل ٹیکنالوجیز ایل ایل سی کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط کی تقریب میں حصہ لیا۔ اس ایم او یو کا مقصد کراس بارڈر ڈیجیٹل ادائیگیوں کے نئے نظام پر تکنیکی اور پالیسی سطح پر تعاون کو فروغ دینا ہے۔
مفاہمتی یادداشت پر وزیر خزانہ محمد اورنگزیب اور ورلڈ لبرٹی فنانشل کے سی ای او زکری وِٹکوف نے دستخط کیے۔

Leave a reply