
اسلام آباد: ڈپٹی وزیراعظم اور وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار نے صومالیہ کے وزیرِ خارجہ عبدالسلام عبدی علی سے ٹیلیفون پر گفتگو کی۔ اس دوران خطے کی موجودہ صورتحال، سلامتی کونسل میں درپیش چیلنجز، اور علاقائی سلامتی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
صومالیہ کے وزیرِ خارجہ نے پاکستان کی حمایت پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کا کردار ان کے لیے نہایت اہمیت رکھتا ہے اور انہوں نے پاکستان سے سلامتی کونسل میں صومالیہ کے تحفظات پیش کرنے میں مدد کی درخواست کی۔
اسحاق ڈار نے اس موقع پر صومالیہ کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے لیے پاکستان کی مکمل حمایت کا اعادہ کیا اور کسی بھی اقدام کی مذمت کی جو صومالیہ کی خودمختاری کو نقصان پہنچا سکے۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ پاکستان اقوام متحدہ اور دیگر عالمی فورمز پر صومالیہ کے جائز موقف کی حمایت جاری رکھے گا۔
واضح رہے کہ پاکستان نے حال ہی میں 21 اسلامی ممالک کے ساتھ اسرائیل کے صومالی لینڈ کو آزاد ریاست تسلیم کرنے کے اعلان کی مخالفت کی تھی اور اسے بین الاقوامی قانون اور اقوام متحدہ کے چارٹر کی خلاف ورزی قرار دیا تھا۔ اسلامی تعاون تنظیم کے مشترکہ بیان میں عالمی برادری سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ اس اقدام کو مسترد کرے کیونکہ یہ علاقائی امن و استحکام کے لیے خطرہ ہے۔









