پاکستان اور سعودی عرب کا بحری سلامتی اور سفارتی روابط مضبوط بنانے پر اتفاق

0
24
پاکستان اور سعودی عرب کا بحری سلامتی اور سفارتی روابط مضبوط بنانے پر اتفاق

پاکستان اور سعودی عرب کا بحری سلامتی اور سفارتی روابط مضبوط بنانے پر اتفاق

پاکستان اور سعودی عرب نے خطے کی موجودہ صورتحال کے تناظر میں بحری سلامتی اور سفارتی روابط کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا ہے، جبکہ ایران اور امریکا کے درمیان جاری رابطوں اور علاقائی استحکام سے متعلق امور پر مشاورت جاری رکھنے کے عزم کا اظہار بھی کیا گیا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے سعودی وزیر خارجہ فیصل بن فرحان سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا، جس میں خطے کی تازہ صورتحال اور باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

سعودی وزیر خارجہ نے خطے میں امن اور استحکام کے لیے پاکستان کے تعمیری اور سفارتی کردار کو سراہتے ہوئے ایران اور امریکا کے درمیان جاری روابط کے حوالے سے پاکستان کی سفارتی کوششوں کی حمایت کا اعادہ کیا۔

دفتر خارجہ کے مطابق دونوں رہنماؤں نے آبنائے ہرمز سمیت اہم بحری راستوں میں سلامتی یقینی بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔ اس موقع پر کہا گیا کہ خطے میں بڑھتی کشیدگی کے دوران بحری تحفظ عالمی تجارت اور توانائی کی ترسیل کے لیے انتہائی اہم ہے۔

گفتگو کے دوران پاکستان اور سعودی عرب نے علاقائی اور عالمی پیش رفت پر قریبی رابطے برقرار رکھنے اور باہمی مشاورت جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیا۔

ادھر امریکی قائم مقام سفیر نٹالی اے بیکر نے بھی نائب وزیراعظم اسحاق ڈار سے ملاقات کی، جس میں خطے کی بدلتی صورتحال اور پاکستان امریکا تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اسحاق ڈار نے ملاقات کے دوران ایران اور امریکا کے درمیان رابطوں میں سہولت کاری کے حوالے سے پاکستان کے کردار کو اجاگر کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ جاری سفارتی کوششیں خطے اور دنیا میں امن و استحکام کے فروغ میں مددگار ثابت ہوں گی۔

انہوں نے سنگاپور کے ذریعے پاکستانی اور ایرانی بحری اہلکاروں کی وطن واپسی کے لیے امریکا کی جانب سے فراہم کی جانے والی معاونت کو بھی سراہا۔

Leave a reply