پاکستانی طلبہ کے لیے روس میں مفت اعلیٰ تعلیم کا موقع

0
122
پاکستانی طلبہ کے لیے روس میں مفت اعلیٰ تعلیم کا موقع

مہنگی تعلیم اور محدود اسکالرشپس کے باعث بیرونِ ملک تعلیم حاصل کرنا پاکستانی نوجوانوں کے لیے ایک مشکل خواب بن چکا ہے، تاہم روس میں اعلیٰ تعلیم کے خواہش مند طلبہ کے لیے ایک اہم موقع سامنے آیا ہے۔
پاکستان میں روسی سفارت خانے کے مطابق، پیپلز فرینڈشپ یونیورسٹی آف رشیا (RUDN University) کی جانب سے منعقد کیے جانے والے اوپن اولمپیاڈ کے لیے آن لائن رجسٹریشن شروع کر دی گئی ہے، جس میں پاکستانی طلبہ بھی شرکت کے اہل ہیں۔
یہ تعلیمی مقابلہ اُن نوجوانوں کے لیے خاص طور پر مفید ہے جو معیاری اور کم خرچ بین الاقوامی تعلیم کے مواقع تلاش کر رہے ہیں۔ اس میں ہائی اسکول مکمل کرنے والے طلبہ، کالج گریجویٹس اور یونیورسٹی کے فائنل ایئر کے طلبہ حصہ لے سکتے ہیں۔
اوپن اولمپیاڈ کے ذریعے امیدواروں کی تعلیمی صلاحیتوں کا آن لائن جائزہ لیا جائے گا۔ نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلبہ کو روسی حکومت کے تعلیمی کوٹے کے تحت RUDN یونیورسٹی میں مکمل طور پر مفت تعلیم فراہم کی جائے گی۔
اعلامیے کے مطابق، اول آنے والے امیدواروں کے تمام تعلیمی اخراجات حکومتِ روس برداشت کرے گی، جبکہ دیگر کامیاب امیدواروں کو فیس میں نمایاں رعایت یا دستیاب کوٹے کی صورت میں مفت تعلیم کا موقع بھی دیا جا سکتا ہے۔
درخواست دینے کے لیے امیدواروں کو آن لائن رجسٹریشن کے دوران پاسپورٹ، قومی شناختی کارڈ، تعلیمی اسناد، سرٹیفکیٹس اور حالیہ تعلیمی نتائج اپ لوڈ کرنا ہوں گے۔ ابتدائی مرحلے میں آن لائن ٹیسٹ ہوگا، جس کے بعد منتخب امیدواروں کا انفرادی انٹرویو لیا جائے گا۔
RUDN یونیورسٹی روس کی ایک معروف بین الاقوامی درسگاہ ہے جہاں دنیا کے مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے طلبہ میڈیسن، انجینیئرنگ، سوشل سائنسز اور ٹیکنالوجی سمیت متعدد شعبوں میں تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔
تعلیمی ماہرین کے مطابق ایسے مواقع نہ صرف پاکستان اور روس کے درمیان تعلیمی روابط کو فروغ دیتے ہیں بلکہ پاکستانی نوجوانوں کے لیے عالمی معیار کی تعلیم اور بہتر مستقبل کے نئے راستے بھی کھولتے ہیں۔

Leave a reply