
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے بنگلادیشی کرکٹ ٹیم کو بھارت میں شیڈول ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میچز کے حوالے سے فیصلہ کرنے کے لیے 21 جنوری تک کی مہلت دے دی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق بنگلادیش کی جانب سے میچز کو بھارت کے بجائے سری لنکا منتقل کرنے کی درخواست کی گئی تھی، تاہم آئی سی سی نے اس تجویز کو قبول نہیں کیا۔ آئی سی سی کا مؤقف ہے کہ ورلڈ کپ کے طے شدہ شیڈول اور مقامات میں کسی قسم کی تبدیلی ممکن نہیں۔
ذرائع کے مطابق اگر بنگلادیش مقررہ تاریخ تک بھارت میں میچز کھیلنے پر رضامند نہیں ہوتا تو عالمی رینکنگ کی بنیاد پر کسی دوسری ٹیم کو ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں شامل کیا جا سکتا ہے۔
آئی سی سی 21 جنوری کو اس معاملے پر حتمی فیصلہ کرے گی، جس کے بعد بنگلادیش کی شرکت یا متبادل ٹیم کے انتخاب کا اعلان متوقع ہے۔
واضح رہے کہ بنگلادیش نے سیکیورٹی خدشات اور دونوں ممالک کے درمیان جاری سیاسی کشیدگی کے باعث بھارت میں میچز کھیلنے سے ہچکچاہٹ کا اظہار کیا ہے۔ بنگلادیش کرکٹ بورڈ اس سے قبل بھی متعدد بار یہ مؤقف اختیار کر چکا ہے کہ موجودہ حالات میں ٹیم بھارت میں کھیلنے کے لیے تیار نہیں۔









