
مشہور امریکی گلوکارہ ٹیلر سوئفٹ نے اپنے عالمی میوزک ٹور کے دوران غیر معمولی فیاضی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے عملے کے لیے خطیر بونس کا اعلان کر دیا، جس پر شوبز انڈسٹری اور مداحوں میں خوب چرچا ہو رہا ہے۔
غیر ملکی ذرائع کے مطابق ٹیلر سوئفٹ کے عالمی کنسرٹ ٹور نے ٹکٹوں کی فروخت سے تقریباً 2 ارب ڈالر کی آمدن حاصل کی۔ اس کامیابی پر انہوں نے اپنے ساتھ کام کرنے والے عملے کو مجموعی طور پر 19 کروڑ 70 لاکھ ڈالر بونس کی صورت میں دیے۔
رپورٹس کے مطابق 36 سالہ گلوکارہ نے 21 مختلف ممالک میں 149 شاندار کنسرٹس کیے۔ بونس کی خبر سنتے ہی عملے کے کئی افراد جذبات پر قابو نہ رکھ سکے اور خوشی سے آبدیدہ ہو گئے۔
ٹیلر سوئفٹ نے مالی انعام کے ساتھ ساتھ اپنے عملے کے نام ایک خصوصی تشکر کا خط بھی تحریر کیا، جس میں ان کی محنت اور لگن کو سراہا گیا۔
مزید یہ کہ کنسرٹ ٹور کے دوران خدمات انجام دینے والے ٹرک ڈرائیوروں کو بھی فی کس ایک لاکھ ڈالر دیے گئے، جسے مداحوں نے ٹیلر سوئفٹ کی انسان دوستی اور قدردانی کی بہترین مثال قرار دیا۔









