
ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم ٹک ٹاک نے اپنے تخلیق کاروں کے لیے آمدنی بڑھانے کا نیا منصوبہ متعارف کرایا ہے۔ کمپنی کے مطابق، اب صارفین سبسکرپشنز سے حاصل ہونے والی آمدنی کا 90 فیصد حصہ حاصل کر سکیں گے، جو اس سے پہلے 70 فیصد تھا۔
یہ نیا ماڈل فی الحال امریکا اور کینیڈا میں شروع کیا جا رہا ہے، تاہم کمپنی کا کہنا ہے کہ جلد ہی اسے دیگر ممالک میں بھی متعارف کرایا جائے گا۔
ٹک ٹاک کے اعلان کے مطابق، نئے ریونیو شیئر ماڈل سے فائدہ اٹھانے کے لیے چند شرائط پوری کرنا ضروری ہوں گی:
صارف کے کم از کم 10 ہزار فالوورز ہوں۔
گزشتہ ماہ کی ویڈیوز کے کم از کم 1 لاکھ ویوز ہوں۔
اور اس نے تین یا زیادہ “سبسکرائبر اونلی” ویڈیوز اپ لوڈ کی ہوں۔
کمپنی کے مطابق، جتنا زیادہ صارف باقاعدگی سے مواد اپ لوڈ کرے گا، اتنی ہی زیادہ آمدنی حاصل کر سکے گا۔
ٹک ٹاک کا کہنا ہے کہ سبسکرپشن سسٹم کا مقصد تخلیق کاروں کو اپنی کمیونٹی مضبوط بنانے اور فالوورز کو خصوصی مواد فراہم کرنے میں مدد دینا ہے۔ سبسکرائبرز کو بیجز، خصوصی پوسٹس، چیٹ فیچرز اور دیگر خصوصی سہولیات تک رسائی حاصل ہوگی۔
عالمی سطح پر، جہاں پہلے صارفین کو سبسکرپشن آمدنی کا 50 فیصد حصہ دیا جاتا تھا، وہاں اسے بڑھا کر 70 فیصد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔









