
برطانوی ریپر اور گلوکار سینٹرل سی کے اسلام قبول کرنے سے متعلق دعوے نے سوشل میڈیا پر توجہ حاصل کرلی ہے۔
سوشل میڈیا پر زیرِ گردش معلومات کے مطابق، مشہور انگریزی گانے “ٹو مچ” کے خالق سینٹرل سی نے ایک لائیو اسٹریمنگ کے دوران اسلام قبول کرنے کا اعلان کیا۔ دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ انہوں نے اسی لائیو سیشن میں کلمۂ شہادت پڑھا اور اپنے مذہب کی تبدیلی کی تصدیق کی۔
مداحوں کی جانب سے یہ بھی کہا جا رہا ہے کہ 27 سالہ فنکار نے اسلام قبول کرنے کے بعد اپنا پہلا نام تبدیل کرتے ہوئے اوکلی کے بجائے عقیل رکھ لیا ہے۔ لائیو اسٹریم کے دوران ان کے ساتھ موجود دوستوں نے مبینہ طور پر انہیں مبارکباد بھی دی، تاہم سینٹرل سی کی جانب سے اپنے روحانی سفر کی تفصیلات عوام کے ساتھ شیئر نہیں کی گئیں۔
ماضی میں سینٹرل سی نے کھل کر اپنے مذہبی نظریات پر گفتگو نہیں کی، البتہ ان کی بعض سوشل میڈیا پوسٹس میں عربی جملوں اور کیپشنز کے باعث مداحوں میں قیاس آرائیاں کی جاتی رہی تھیں۔
لندن میں 4 جون 1998 کو پیدا ہونے والے سینٹرل سی نے کم عمری میں موسیقی کے میدان میں قدم رکھا اور برطانوی ڈرل اور ریپ میوزک میں نمایاں مقام حاصل کیا۔ وہ اپنی منفرد موسیقی اور عام زندگی سے جڑے بول کے باعث دنیا بھر میں پہچانے جاتے ہیں۔
2024 کے دوران انہیں عالمی سطح پر سب سے زیادہ سنے جانے والے برطانوی ریپرز میں شمار کیا گیا، جبکہ ان کے گانے مختلف ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر اربوں بار سنے جا چکے ہیں۔
ابھی تک اس حوالے سے سینٹرل سی یا ان کی انتظامیہ کی جانب سے کوئی باضابطہ تفصیلی بیان سامنے نہیں آیا۔









