
بالی وڈ کے سپر اسٹار شاہ رخ خان نے حال ہی میں یہ وضاحت کی ہے کہ وہ اداکارہ کاجول اور ٹوئنکل کھنہ کے ٹاک شو ’ٹو مچ‘ میں شرکت نہیں کر سکے۔
کاجول اور ٹوئنکل کھنہ چند ماہ سے اس شو کی میزبانی کر رہی ہیں، جس میں پہلے ہی سلمان خان، عامر خان، کرن جوہر، عالیہ بھٹ، جھانوی کپور اور کریتی سینن جیسی مشہور شخصیات شامل ہو چکی ہیں۔ شاہ رخ کے مداح کافی عرصے سے یہ جاننے کے خواہاں تھے کہ آخر وہ اس شو میں کیوں نظر نہیں آئے۔
بی بی سی ایشین نیٹ ورک کے ساتھ بات چیت میں شاہ رخ خان نے بتایا کہ انہیں شو میں مدعو کیا گیا تھا، لیکن وہ اس وقت ایک فلم کی شوٹنگ میں مصروف تھے اور انہوں نے یہ بات پہلے ہی کاجول کو آگاہ کر دی تھی۔
شاہ رخ نے کہا کہ وہ دونوں میزبانوں سے معذرت خواہ ہیں اور واقعی وہ شو میں شرکت کرنا چاہتے تھے۔ تاہم، شو کے کھانے کے مخصوص حصے میں شامل ہونے میں انہیں دشواری تھی۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ اگرچہ وہ براہِ راست شو میں شریک نہیں ہو سکے، لیکن انہوں نے تمام اقساط ضرور دیکھیں۔
واضح رہے کہ شاہ رخ خان اس وقت اپنی فلم ’کنگ‘ کی شوٹنگ میں مصروف ہیں اور حال ہی میں بازو پر چوٹ لگنے کی وجہ سے شوٹنگ کچھ وقت کے لیے روک دی گئی تھی۔








