ٹرمپ کی کولمبیا اور وینزویلا پر سخت تنقید، تمام آپشنز زیرِ غور

0
87
ٹرمپ کی کولمبیا اور وینزویلا پر سخت تنقید، تمام آپشنز زیرِ غور

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے لاطینی امریکا کی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے وینزویلا کے بعد کولمبیا سے متعلق بھی سخت بیانات دیے ہیں۔ میڈیا سے غیر رسمی بات چیت میں انہوں نے کہا کہ کولمبیا اس وقت ایسی قیادت کے زیرِ اثر ہے جو ملک کو درست سمت میں نہیں لے جا رہی، اور موجودہ حالات زیادہ دیر برقرار رہنے کا امکان نہیں۔
صدر ٹرمپ نے کیوبا کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ وہاں کی سیاسی و معاشی حالت کمزور ہوتی جا رہی ہے اور ممکن ہے کہ حالات خود ہی کسی بڑے موڑ پر پہنچ جائیں، جس کے لیے بیرونی فوجی کارروائی کی ضرورت نہ پڑے۔ ان کے مطابق خطے کی صورتحال تیزی سے بدل رہی ہے اور امریکہ تمام ممکنہ آپشنز کا جائزہ لے رہا ہے۔
نائن الیون کے تناظر میں گفتگو کرتے ہوئے امریکی صدر نے کہا کہ وہ ماضی میں بھی اس بات پر زور دیتے رہے ہیں کہ اسامہ بن لادن کے خلاف بروقت کارروائی ہونی چاہیے تھی، اور وہ اس حوالے سے کیے گئے آپریشن کی حمایت کرتے ہیں۔
وینزویلا کے بارے میں ایک سوال پر صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ وہاں انتخابات مناسب وقت پر ہوں گے اور امریکہ اس پورے عمل پر قریبی نظر رکھے ہوئے ہے۔ ان کے مطابق خطے میں جمہوری عمل اور استحکام امریکہ کی ترجیحات میں شامل ہیں۔
عالمی معاملات پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ امریکہ گرین لینڈ کو اسٹریٹجک لحاظ سے اہم سمجھتا ہے، جبکہ میکسیکو کو اپنے اندرونی نظام میں بہتری لانے کی ضرورت ہے۔ صدر ٹرمپ کے مطابق علاقائی استحکام کے لیے تمام ممالک کو ذمہ دارانہ کردار ادا کرنا ہوگا۔
صدر ٹرمپ کے ان بیانات کو بین الاقوامی سطح پر خاص توجہ دی جا رہی ہے اور مختلف ممالک ممکنہ ردِعمل پر غور کر رہے ہیں۔

Leave a reply