ٹرمپ نے سعودی عرب میں امریکی طیاروں کو نقصان پہنچنے کی خبروں کو جعلی قرار دے دیا

0
24
ٹرمپ نے سعودی عرب میں امریکی طیاروں کو نقصان پہنچنے کی خبروں کو جعلی قرار دے دیا

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سعودی عرب میں قائم ایک امریکی فوجی اڈے پر موجود طیاروں کو نقصان پہنچنے سے متعلق خبروں کو مسترد کرتے ہوئے انہیں گمراہ کن قرار دیا ہے۔

امریکی اخبار وال اسٹریٹ جرنل کی ایک رپورٹ میں دو نامعلوم امریکی حکام کے حوالے سے دعویٰ کیا گیا تھا کہ سعودی عرب کے پرنس سلطان ایئر بیس پر موجود پانچ امریکی طیارے ایران کی جانب سے کیے گئے میزائل حملے میں متاثر ہوئے۔

رپورٹ کے مطابق متاثر ہونے والے طیارے سی 135 اسٹریٹو ٹینکر طرز کے تھے جو عام طور پر جنگی اور بمبار طیاروں کو دورانِ پرواز ایندھن فراہم کرنے کے لیے استعمال کیے جاتے ہیں۔ خبر میں کہا گیا تھا کہ حملے کے وقت یہ طیارے زمین پر کھڑے تھے اور میزائل حملے کے نتیجے میں انہیں نقصان پہنچا۔

تاہم امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اس رپورٹ کو مسترد کرتے ہوئے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر بیان دیا کہ اڈے پر چند روز قبل حملہ ضرور ہوا تھا، لیکن طیاروں کو براہ راست نشانہ نہیں بنایا گیا۔

ان کے مطابق پانچ میں سے چار طیاروں کو معمولی یا کوئی خاص نقصان نہیں پہنچا اور وہ دوبارہ سروس میں شامل ہو چکے ہیں، جبکہ ایک طیارے کو نسبتاً زیادہ نقصان ہوا تھا مگر اسے بھی جلد مرمت کے بعد دوبارہ قابلِ پرواز بنا دیا جائے گا۔

ٹرمپ نے خبر شائع کرنے پر اخبار کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ بعض میڈیا ادارے ایسی رپورٹس کے ذریعے یہ تاثر دینے کی کوشش کرتے ہیں کہ امریکا جنگ میں کمزور پڑ رہا ہے۔

Leave a reply