وینزویلا میں فوجی تعیناتی کے لیے قانون سازی درکار نہیں، صدر ٹرمپ

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ امریکا وینزویلا کے ساتھ حالتِ جنگ میں نہیں ہے اور وہاں فوری طور پر انتخابات کرانا ممکن نہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ آئندہ 30 دنوں میں وینزویلا میں نئے انتخابات نہیں ہوں گے۔
امریکی میڈیا کو دیے گئے ایک انٹرویو میں صدر ٹرمپ نے کہا کہ موجودہ حالات میں عوام کے لیے ووٹ ڈالنا عملی طور پر ممکن نہیں، اس لیے پہلے ملک میں استحکام لانا ضروری ہے، جس میں وقت لگے گا۔
صدر ٹرمپ کے مطابق امریکی فوج کو دوبارہ وینزویلا بھیجنے کے لیے کسی نئی قانون سازی کی ضرورت نہیں۔ انہوں نے بتایا کہ وینزویلا کے توانائی کے شعبے کی بحالی کے لیے امریکی تیل کمپنیوں کی مدد لی جائے گی، جس کے لیے بھاری سرمایہ کاری درکار ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسے منصوبوں کو مکمل ہونے میں کم از کم 18 ماہ لگ سکتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ امریکا وینزویلا میں طویل مدت کے لیے کردار ادا کرے گا اور آئندہ اقدامات مرحلہ وار کیے جائیں گے۔
صدر ٹرمپ نے یہ بھی واضح کیا کہ امریکا وینزویلا کے ساتھ جنگ نہیں کر رہا بلکہ منشیات کے اسمگلروں اور ان عناصر کے خلاف کارروائی کر رہا ہے جو مجرموں، منشیات کے عادی افراد اور ذہنی مریضوں کو امریکا بھیج رہے ہیں۔
انٹرویو کے دوران انہوں نے بتایا کہ وینزویلا سے متعلق معاملات کی نگرانی کے لیے ایک خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی ہے، جس میں وزیر خارجہ مارکو روبیو، وزیر دفاع پیٹ ہیگسیتھ اور دیگر اعلیٰ حکام شامل ہیں۔








