وزیر خزانہ محمد اورنگزیب بین الاقوامی مالیاتی اجلاسوں میں شرکت کے لیے امریکا روانہ

اسلام آباد: وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب عالمی مالیاتی اداروں کے سالانہ اجلاسوں میں شرکت کے لیے امریکا روانہ ہو گئے ہیں، جہاں وہ پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔
اپنے دورے کے دوران وزیر خزانہ آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک کے سالانہ اجلاسوں میں شرکت کریں گے اور مختلف عالمی مالیاتی اداروں کے سربراہان سے ملاقاتیں کریں گے، جن میں عالمی بینک کے صدر اجے بنگا، آئی ایم ایف کی منیجنگ ڈائریکٹر کرسٹلینا جارجیوا، اور دیگر اہم شخصیات شامل ہیں۔
محمد اورنگزیب ورلڈ بینک کے صدر کی دعوت پر ایک خصوصی عشائیے میں بھی شرکت کریں گے، جس میں دنیا کے منتخب وزرائے خزانہ شریک ہوں گے۔ اس کے علاوہ وزیر خزانہ ایف بی آر کی ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن کے حوالے سے منعقدہ علاقائی راؤنڈ ٹیبل میں بھی شرکت کریں گے، جہاں ٹیکس اصلاحات پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
وزیر خزانہ ورلڈ اکنامک فورم کے دو اہم اجلاسوں میں بھی شریک ہوں گے جبکہ چین، برطانیہ، سعودی عرب، ترکیہ اور آذربائیجان کے وزرائے خزانہ سے بھی ملاقاتیں طے ہیں۔
دورے کے دوران ان کی وائٹ ہاؤس کے اعلیٰ حکام اور امریکی کانگریس کی فنانشل سروسز کمیٹی کے چیئرمین سے ملاقاتیں بھی متوقع ہیں۔ وزیر خزانہ متعدد بین الاقوامی و امریکی ذرائع ابلاغ کو انٹرویوز بھی دیں گے۔
محمد اورنگزیب کا یہ چھ روزہ دورہ 65 سے زائد اجلاسوں، فورمز، تقریبات اور ملاقاتوں پر مشتمل ہوگا۔








