
کراچی: وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے اعلان کیا ہے کہ گل پلازہ میں جاں بحق افراد کے لواحقین کو ایک ایک کروڑ روپے امداد کے طور پر دیے جائیں گے۔
وزیر اعلیٰ کی زیر صدارت اجلاس میں صوبائی وزراء اور میئر سمیت دیگر حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں متاثرین کی بحالی اور امداد کی فوری فراہمی پر غور کیا گیا۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ سانحہ میں جانی نقصان کے باعث کئی خاندان متاثر ہوئے ہیں اور متاثرہ تاجروں کی بحالی کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ پلازہ میں تقریباً 1200 دکانیں ہیں اور تمام متاثرین کی مدد کی جائے گی۔
گل پلازہ میں اب تک 14 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں جبکہ 73 افراد لاپتہ ہیں۔ وزیراعلیٰ نے حکام کو ہدایت دی ہے کہ ملبہ اٹھانے کا کام جلد شروع کیا جائے اور آگ لگنے کی فرانزک رپورٹ تیار کی جائے تاکہ حادثے کی وجوہات معلوم ہوں۔
مزید برآں، وزیراعلیٰ نے متاثرین کے لیے ایک کمیٹی قائم کرنے کا بھی اعلان کیا ہے تاکہ امداد اور بحالی کے عمل کو منظم طریقے سے مکمل کیا جا سکے۔









