وزیراعلیٰ پنجاب کی سیکیورٹی ٹیم کی مکمل اسکریننگ کا عمل شروع

0
74
وزیراعلیٰ پنجاب کی سیکیورٹی ٹیم کی مکمل اسکریننگ کا عمل شروع

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی سیکیورٹی ٹیم اور متعلقہ عملے کے تمام اہلکاروں کی تفصیلی جانچ پڑتال کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق یہ کارروائی حالیہ عرصے میں ایک مذہبی جماعت کے خلاف کیے گئے آپریشن کے بعد کی گئی ہے تاکہ سیکیورٹی اہلکاروں کے پس منظر کا مکمل جائزہ لیا جا سکے۔

وفاقی وزارتِ داخلہ نے حال ہی میں دہشتگردی میں ملوث سرگرمیوں کی وجہ سے ایک مذہبی جماعت پر پابندی کا نوٹیفکیشن جاری کیا تھا۔

پولیس ذرائع کے مطابق اسکریننگ کا عمل وزیراعلیٰ کی رہائش گاہ جاتی عمرہ سے لے کر وزیراعلیٰ آفس تک جاری ہے۔ اس دوران نہ صرف سیکیورٹی اہلکاروں بلکہ دیگر عملے کے افراد کی بھی مکمل چھان بین کی جا رہی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اس عمل میں اہلکاروں اور اسٹاف کے مذہبی یا سیاسی رجحانات کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے، اور اگر کسی کا تعلق کسی مشکوک گروہ یا پابندی شدہ جماعت سے پایا گیا تو اسے فوری طور پر ڈیوٹی سے ہٹا دیا جائے گا۔

پولیس کے مطابق یہ اقدام وزیراعلیٰ پنجاب کی سیکیورٹی کو ممکنہ خطرات سے محفوظ بنانے کے لیے اٹھایا گیا ہے۔ اسکریننگ مکمل ہونے کے بعد ایک جامع رپورٹ اعلیٰ حکام کو پیش کی جائے گی۔

Leave a reply