وزیراعظم کے خلاف تحریک عدم اعتماد میں تاخیر، اگلے چند روز میں پیش ہونے کا امکان کم

آزاد کشمیر کے وزیراعظم چوہدری انوار الحق کے خلاف تحریک عدم اعتماد مسلسل تاخیر کا شکار ہے اور امکان ہے کہ آئندہ 3 سے 4 روز تک یہ تحریک اسمبلی میں پیش نہ ہو۔
ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی نے ابھی تک تحریک عدم اعتماد پیش کرنے کے بارے میں حتمی فیصلہ نہیں کیا، اور فارورڈ بلاک سے پیپلز پارٹی میں شامل ہونے والے اراکین اسمبلی بھی اس صورتحال پر پریشان ہیں۔ کچھ ارکان نے پارٹی میں شمولیت کو جلد بازی قرار دیا ہے اور وہ قیادت سے رہنمائی چاہتے ہیں کہ اپنے حلقوں میں عوام کے سوالات کا کس طرح جواب دیا جائے۔
اس دوران، پیپلز پارٹی کے کئی اراکین اسمبلی کشمیر ہاؤس میں موجود ہیں تاکہ قیادت کے فیصلے کا انتظار کریں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ تحریک عدم اعتماد کے حوالے سے حتمی فیصلہ بلاول بھٹو زرداری کریں گے۔
یاد رہے کہ مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی نے وزیراعظم کے خلاف تحریک عدم اعتماد پیش کرنے پر اتفاق کیا ہے، تاہم مسلم لیگ ن حکومت سازی میں پیپلز پارٹی کا ساتھ نہیں دے گی اور اپوزیشن میں رہنے کا فیصلہ کر چکی ہے۔ اگر پیپلز پارٹی کے پاس مطلوبہ اراکین کی تعداد موجود ہے تو وہ حکومت بنانے کی اہل ہوگی۔








