وزیراعظم کا ملک بھر میں گھریلو صارفین کے لیے گیس کنیکشنز بحال کرنے کا اعلان

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے اعلان کیا ہے کہ ملک بھر میں گھریلو صارفین کے لیے گیس کنیکشنز کھول دیے گئے ہیں۔
اسلام آباد میں آر ایل این جی کنیکشنز کے اجرا کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ گھریلو صارفین کو گیس کی فراہمی ایک اہم ضرورت تھی، اور حکومت نے عوام کا یہ دیرینہ مطالبہ پورا کر دیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ملک بھر سے لاکھوں درخواستیں موصول ہو چکی ہیں اور اب نئے گیس کنیکشنز دیے جائیں گے۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ 2022 میں گیس کی قلت کے باعث نئے کنیکشنز نہیں دیے جا سکے تھے، تاہم اب حالات میں بہتری کے بعد یہ سہولت دوبارہ بحال کر دی گئی ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے ماضی میں بھی توانائی بحران پر قابو پانے کے لیے مؤثر اقدامات کیے، اور اب ایک بار پھر ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے بھرپور محنت جاری ہے۔









