
پاکستان اور دنیا کے دیگر ممالک میں مسیحی برادری آج کرسمس کا تہوار منا رہی ہے۔ کرسمس کی شام کے موقع پر دنیا بھر کے گرجا گھروں میں خصوصی عبادات کا آغاز ہو گیا ہے۔
کراچی، لاہور، پشاور، کوئٹہ سمیت ملک کے مختلف شہروں کے گرجا گھروں میں ملک کی سلامتی، خوشحالی اور ترقی کے لیے دعائیں کی جا رہی ہیں۔
اسی دوران واشنگٹن، لندن، پیرس، ماسکو، دبئی اور دیگر بڑے شہروں کو کرسمس کی رنگ برنگی سجاوٹ نے خوب جگمگا دیا ہے۔
ویٹی کن سٹی میں بھی خصوصی عبادات کا اہتمام کیا گیا، جہاں پوپ لیو نے حضرت عیسیٰ کی پیدائش کے حالات کا ذکر کیا اور لوگوں کو غریبوں اور محتاجوں کی مدد کرنے کی ترغیب دی۔
فلسطین کے شہر بیت لحم میں واقع تاریخی چرچ آف نیٹی ویٹی میں عقیدت مندوں کی بڑی تعداد نے عبادات میں شرکت کی۔
وزیراعظم کی مبارکباد
وزیراعظم شہباز شریف نے مسیحی برادری کو کرسمس کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ مسیحی بھائی پاکستان میں مثبت، فعال اور پرامن کردار ادا کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ کرسمس مسیحی برادری اور ملک کے لیے امن، استحکام اور خوشحالی کی نوید لے کر آئے۔ یہ دن محبت، امن، رواداری اور خیر سگالی کے پیغام کا ذریعہ ہے۔
وزیراعظم نے مسیحی برادری کی تعلیم، صحت اور دیگر شعبوں میں خدمات کو سراہا اور کہا کہ حکومت تمام شہریوں کے حقوق و آزادیوں کے تحفظ اور یکساں ترقی کے مواقع فراہم کرنے کو یقینی بنا رہی ہے۔








