
عوام کو بیک وقت متعدد سہولتوں کی فراہمی کے لیے وزیراعظم شہباز شریف نے اسلام آباد میں پاکستان آسان خدمت مرکز کا افتتاح کر دیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ اس مرکز کے قیام کا بنیادی مقصد شہریوں کو ایک ہی جگہ پر مختلف سرکاری خدمات مہیا کرنا ہے تاکہ لوگوں کو دفاتر کے چکر نہ لگانے پڑیں اور وقت و وسائل کی بچت ہو۔ ان کا کہنا تھا کہ اس اقدام سے عوامی سہولت میں نمایاں بہتری آئے گی۔
وزیراعظم نے اس منصوبے میں آذربائیجان کے تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کی فراہمی پاکستان کے لیے ایک اہم تحفہ ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان کے ماسٹر ٹرینرز نے آذربائیجان میں خصوصی تربیت حاصل کی ہے تاکہ عوام کو معیاری، مؤثر اور جدید سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
افتتاح کے بعد وزیراعظم نے آسان خدمت مرکز کے مختلف شعبوں کا معائنہ کیا اور دستیاب سہولتوں پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس جدید نظام کے ذریعے شفافیت میں اضافہ ہوگا اور سرکاری امور کی انجام دہی مزید تیز ہو جائے گی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اعلان کیا کہ آئندہ مرحلے میں مظفرآباد میں بھی پاکستان آسان خدمت مرکز قائم کیا جائے گا جبکہ بلوچستان میں ایسے مراکز کے قیام کے لیے بھی عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ گلگت بلتستان اور ملک کے دیگر شہروں میں بھی آسان خدمت مراکز کھولے جائیں گے تاکہ زیادہ سے زیادہ شہری اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ عوام کی خدمت حکومت کی اولین ترجیح ہے اور پاکستان آسان خدمت مرکز اسی عزم کی عملی تصویر ہے۔








