وزیراعظم شہبازشریف چین کےسرکاری دورےپرروانہ ہوگئے

0
137
وزیراعظم شہبازشریف چین کےسرکاری دورےپرروانہ ہوگئے

وزیراعظم شہباز شریف چین کے سرکاری دورے پر روانہ ہو گئے ہیں، جہاں وہ شنگھائی تعاون تنظیم کے 25ویں سربراہی اجلاس میں شرکت کے ساتھ ساتھ چینی قیادت سے اہم ملاقاتیں بھی کریں گے۔

وزیراعظم کا یہ دورہ 30 اگست سے 4 ستمبر تک جاری رہے گا۔ اسلام آباد کے نور خان ائیر بیس سے خصوصی طیارے کے ذریعے روانگی کے بعد وہ مختلف شہروں میں سیاسی، عسکری اور تجارتی سرگرمیوں میں حصہ لیں گے۔

دورے کے دوران وزیراعظم شہباز شریف چینی صدر شی جن پنگ اور وزیراعظم لی کیانگ سے ملاقات کریں گے، جن میں پاک چین تعلقات، اقتصادی تعاون اور علاقائی امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

بیجنگ میں ہونے والی عالمی اینٹی فاشسٹ جنگ کی 80ویں سالگرہ کے موقع پر منعقد فوجی پریڈ میں بھی وزیراعظم شرکت کریں گے، جہاں انہیں دیگر عالمی رہنماؤں سے بھی ملاقات کا موقع ملے گا۔

اس کے علاوہ، وزیراعظم ممتاز چینی سرمایہ کاروں اور کاروباری شخصیات سے بھی ملاقاتیں کریں گے، جن میں دوطرفہ تجارت، معیشت، اور سرمایہ کاری کے امکانات پر بات چیت کی جائے گی۔

وزیراعظم کا یہ دورہ دونوں ممالک کے درمیان اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید مستحکم بنانے کے لیے اہم سمجھا جا رہا ہے۔

Leave a reply