ورلڈ کپ میں بھارت کی بقا خطرے میں، ہر میچ فیصلہ کن قرار

0
103
ورلڈ کپ میں بھارت کی بقا خطرے میں، ہر میچ فیصلہ کن قرار

آئی سی سی ویمنز ورلڈ کپ کے ایک اہم میچ میں آسٹریلیا نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بھارت کو 7 وکٹوں سے شکست دے دی۔ آسٹریلوی ٹیم نے 330 رنز کا ہدف حاصل کر کے ورلڈ کپ کی تاریخ میں سب سے بڑا ہدف حاصل کرنے کا نیا ریکارڈ قائم کیا۔

بھارتی ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 330 رنز بنائے۔ تاہم آسٹریلوی بلے بازوں نے جارحانہ حکمت عملی اپناتے ہوئے 49ویں اوور میں یہ ہدف حاصل کر لیا۔ اوپنر ایلیسا ہیلی نے 107 گیندوں پر 142 رنز کی شاندار اننگز کھیلی اور اپنی ٹیم کی جیت میں کلیدی کردار ادا کیا۔

یہ بھارت کی ٹورنامنٹ میں مسلسل دوسری شکست ہے، جس کے بعد سیمی فائنل تک رسائی کے امکانات دھندلے ہوتے جا رہے ہیں۔ اگرچہ بھارت ابھی بھی پوائنٹس ٹیبل پر تیسرے نمبر پر ہے، لیکن آئندہ میچز میں کامیابی حاصل نہ کر پانے کی صورت میں ٹیم کا ٹورنامنٹ سے باہر ہونا ممکن ہے۔

تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ بھارتی ٹیم کے لیے اب ہر میچ “فائنل” کی حیثیت رکھتا ہے۔ ٹیم کی حکمتِ عملی، خاص طور پر مڈل آرڈر کی غیر تسلی بخش کارکردگی اور ٹیم توازن پر سابق کرکٹرز نے تشویش کا اظہار کیا ہے۔

آنے والے میچز میں بھارت کو سخت حریفوں کا سامنا ہے، جبکہ شائقین ٹیم سے بہتر کم بیک کی توقع کر رہے ہیں۔

Leave a reply