ورسوادی: وہ گاؤں جہاں 78 سال بعد اندھیرا ختم ہوا

0
190
ورسوادی: وہ گاؤں جہاں 78 سال بعد اندھیرا ختم ہوا

بھارت کی ریاست مہاراشٹرا کے ضلع تھانے میں واقع ایک دور افتادہ گاؤں، ورسوادی ، کو ملک کی آزادی کے 78 سال بعد پہلی بار بجلی فراہم کی گئی ہے۔

مقامی حکام کے مطابق، یہ گاؤں شاہاپور تحصیل کے ایک جنگلاتی اور پہاڑی علاقے میں واقع ہے، جہاں طویل عرصے سے بنیادی سہولیات کی کمی تھی۔ بجلی کی فراہمی کے اس منصوبے کے تحت گاؤں کے 15 گھروں کو بجلی دی گئی ہے، جن میں تقریباً 60 سے 80 افراد رہائش پذیر ہیں۔

حکام کے مطابق، اس منصوبے پر 50 لاکھ روپے سے زائد لاگت آئی۔ اس دوران ایک نیا 63 کے وی اے ٹرانسفارمر نصب کیا گیا اور 67 کھمبے لگائے گئے تاکہ بجلی گھروں اور اسٹریٹ لائٹس تک پہنچائی جا سکے۔

اس منصوبے میں کئی چیلنجز کا سامنا رہا، کیونکہ گاؤں کی لوکیشن پہاڑی اور جنگلاتی علاقے میں ہونے کی وجہ سے کئی سرکاری محکموں، خاص طور پر محکمہ جنگلات سے اجازت لینا ضروری تھی۔ اس کے علاوہ، گاؤں تک پختہ سڑک نہ ہونے کی وجہ سے سامان کی ترسیل بھی مشکل مرحلہ تھا۔

بجلی کی فراہمی کے بعد گاؤں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔ مقامی افراد نے روشنی کے اس تاریخی لمحے کو جشن مناتے ہوئے آتشبازی کی اور خوشی کا اظہار کیا۔ ایک رہائشی نے کہا، “اب ہم بھی دیوالی روشنیوں کے ساتھ منا سکیں گے۔”

یہ واقعہ اس حقیقت کو اجاگر کرتا ہے کہ ترقی کی راہ میں بعض علاقے اب بھی بنیادی سہولیات سے محروم ہیں، لیکن دیر آید درست آید کے مصداق، اب ورسوادی گاؤں بھی بجلی کی سہولت سے مستفید ہو رہا ہے۔

Leave a reply