واٹس ایپ میں ٹیکسٹ چھپانے کا نیا فیچر متعارف

0
24
واٹس ایپ میں ٹیکسٹ چھپانے کا نیا فیچر متعارف

واٹس ایپ میں جلد ایک نیا اور دلچسپ فیچر شامل کیے جانے کا امکان ہے جو صارفین کو اپنے پیغامات زیادہ کنٹرول کے ساتھ شیئر کرنے کی سہولت دے گا۔
ٹیک ویب سائٹ واٹس ایپ بیٹا انفوکی ایک حالیہ رپورٹ کے مطابق اس نئے فیچر کے ذریعے صارفین کسی بھی چیٹ میں مخصوص ٹیکسٹ کو اس وقت تک چھپا سکیں گے جب تک وصول کنندہ اس پر کلک نہ کرے۔ یعنی پیغام عام طور پر نظر نہیں آئے گا اور اسے پڑھنے کے لیے خصوصی طور پر ٹیپ کرنا ہوگا۔
یہ سہولت سوشل میڈیا پلیٹ فارم ریڈیٹ کے اسپائلر فارمیٹ سے مشابہ ہے، جہاں پوسٹس میں شامل مخصوص متن کو جان بوجھ کر چھپا دیا جاتا ہے تاکہ دیگر صارفین غیر ارادی طور پر اہم معلومات نہ دیکھ سکیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ یہ فیچر فی الحال آئی او ایس ڈیوائسز کے بیٹا ورژن میں دیکھا گیا ہے۔ اگرچہ اس کی حتمی ریلیز کی تاریخ کے بارے میں کچھ کہنا قبل از وقت ہے، تاہم امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ آزمائشی مرحلہ مکمل ہونے کے بعد اسے تمام صارفین کے لیے متعارف کرا دیا جائے گا۔
یہ نیا آپشن خاص طور پر گروپ چیٹس میں مفید ثابت ہو سکتا ہے، جہاں کچھ افراد نئی فلموں یا ٹی وی شوز کے بارے میں معلومات شیئر کرنا چاہتے ہیں جبکہ دیگر اسپائلر سے بچنا پسند کرتے ہیں۔
فی الحال اس فیچر کو صرف ٹیکسٹ میسجز تک محدود رکھا گیا ہے اور تصاویر یا ویڈیوز کو اس کے ذریعے چھپانے کی سہولت دستیاب نہیں ہوگی۔
ٹیک ماہرین کے مطابق یہ اپ ڈیٹ صارفین کو مزید رازداری اور سہولت فراہم کرے گی اور امکان ہے کہ اسے کافی مثبت ردعمل ملے گا۔

Leave a reply