
واٹس ایپ کی جانب سے صارفین کے لیے اسٹیٹس سے متعلق ایک نیا فیچر متعارف کرایا جا رہا ہے، جس کا مقصد اسٹیٹس اپ ڈیٹس کو مزید مؤثر بنانا ہے۔
تفصیلات کے مطابق واٹس ایپ کے اینڈرائیڈ بیٹا ورژن میں ایک نیا آپشن شامل کیا گیا ہے، جس کی مدد سے صارفین اپنے منتخب کردہ کانٹیکٹس کے اسٹیٹس اپ لوڈ ہونے پر فوری نوٹیفکیشن حاصل کر سکیں گے۔
اس فیچر کو استعمال کرنا نہایت آسان ہے۔ صارف کو صرف اس کانٹیکٹ کا اسٹیٹس اوپن کرنا ہوگا، جس کے اپ ڈیٹس کی نوٹیفکیشن چاہیے، پھر اوور فلو مینیو سے “Get Notifications” کا انتخاب کرنا ہوگا۔ ایک بار اجازت دینے کے بعد، جب بھی وہ کانٹیکٹ کوئی نیا اسٹیٹس اپ لوڈ کرے گا، صارف کو فوراً اطلاع موصول ہوگی۔
اس فیچر کی خاص بات یہ ہے کہ اگر اسٹیٹس میں کوئی تصویر یا ویڈیو شامل ہو، تو نوٹیفکیشن میں اس کا ایک چھوٹا پریویو بھی دکھایا جائے گا، تاکہ صارفین ایپ کھولے بغیر بھی اندازہ لگا سکیں کہ کیا پوسٹ کیا گیا ہے۔
اگر صارف کبھی اس نوٹیفکیشن کو بند کرنا چاہے تو وہی مینیو استعمال کر کے اسے میوٹ کیا جا سکتا ہے۔
یہ فیچر فی الحال محدود بیٹا صارفین کے لیے دستیاب ہے، اور آنے والے وقت میں اسے مزید لوگوں تک پہنچایا جائے گا۔ عام صارفین کے لیے یہ فیچر کب دستیاب ہوگا، اس بارے میں ابھی کوئی حتمی تاریخ سامنے نہیں آئی۔









